ہندوستان اور قطر کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-26

ہندوستان اور قطر کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط

ہندوستان اور قطر کے درمیان آج چھ معاہدوں پر دستخط ہوگئے جن میں دونوں ممالک کے ایسے قیدیوں کے تبادلہ کا معاہدہ شامل ہے جو ایک دوسرے کے ممالک میں سزا بھگت رہے ہیں ۔ ان معاہدوں کا مقصد باہمی تعلقات کو ایک نئی قوت تحریک عطا کرنا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی سے امیر قطر تمیم بن حماد الثانی کی تفصیلی بات چیت کے بعد ان معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ بات چیت کے دوران دونوں قائدین نے مختلف موضوعات بشمول توانائی کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے اور تجارت و نیز سرمایہ کاری کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ سزا پار ہے افراد کے تبادلہ کے معاہدہ میں شامل دفعہ کے تحت قطر میں خاطی قرار دئیے گئے ہندوستانی قیدیوں کو ہندوستانی لایاجاسکتا ہے تاکہ وہ اپنی مابقی سزا کی میعاد ہندوستان میں مکمل کریں ۔ اسی طرح ہندوستان میں خاطی قرار دئیے گئے قطری شہریوں کو ان کے وطن بھیجاجاسکتا ہے تاکہ وہ اپنے وطن میں مابقی جیل کی میعاد پوری کریں ۔ سرکاری اعداد و شمار کے بموجب قطر کی مختلف جیلوں میں بحالت موجودہ پڑے ہوئے ہندوستانیوں کی تعداد96ہے ۔ قطر میں لگ بھگ چھ لاکھ ہندوستانی بر سر کار ہیں۔ دیگر پانچ معاہدوں (یادداشت ہائے مفاہمت) کے ذریعہ انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹکنالوجی ، ماحولیات و بحری سائنسس و نیز میڈیا جیسے شعبوں میں تعاون کی گنجائش فراہم کی جائے گی ۔ علاقہ خلیج میں قطر، ہندوستان کے لئے اہم ملک ہے اور ہندوستان کی ایل این جی( لیکویفائیڈ نیچرل گیس) کے86فیصد حصہ کی تکمیل قطر سے ہوئی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت لگ بھگ16بلین ڈالر کی ہوتی ہے ۔ انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹکنالوجی کے میدان میں یادداشت مفاہمت کے ذریعہ قطر میں ہندوستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے لئے تجارت کے مواقع میں کشادگی پیدا ہوگی ۔ قطر نے اپنے2030دستاویز کے حصہ کے طور پر مجموعی ترقی کے لئے ایک شاندار پروگرام شروع کیا ہے اور انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹکنالوجی میں فروغ کے لئے ایک مخصوص وزارت آئی سی ٹی قائم کی ہے ۔ ایک اور معاہدہ پر وزارت ارضی سائنسس اور قطر کے محکمہ موسمیات کے درمیان دستخط ہوئے ۔ اس معاہدہ کی رو سے فضائی اور سمندری سائنسس کے میدان میں تعاون کیاجائے گا ۔ ایک علیحدہ معاہدہ قطر کی وزارت امور خارجہ کے ڈپلو میٹک انسٹی ٹیوٹ اور وزارت خارجہ ہند کے فارین سروس انسٹی ٹیوٹ کے درمیان ہوا تاکہ فیکلٹی ارکان اور ماہرین کے تبادلہ میں سہولت ہو ۔ فریقین نے ریڈیو اور ٹی وی پروگراموں کے باقاعدہ تبادلہ کی حوصلہ افزائی کے لئے اور پرساربھارتی اور قطر میڈیا کو آپریشن کے درمیان ارتباط کے ایک معاہدہ کو بھی قطعیت دی۔

India, Qatar ink six agreements during Emir's visit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں