ہند پاک مذاکرات میں تیسرے فریق کی شمولیت خارج از امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-21

ہند پاک مذاکرات میں تیسرے فریق کی شمولیت خارج از امکان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان نے یہ بات واضح کر دی کہ ہند و پاک کے درمیان جموں و کشمیر کے بشمول دیگر مختلف مسائل کی یکسوئی میں کسی تیسرے فریق کی نہ کبھی گنجائش رہی ہے اور نہ ہی رہے گی۔ یہ تمام امور باہمی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیے جائیں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے دو ٹوک الفاظ میں ان قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا کہ ہند پاک کے درمیان مختلف مسائل کی یکسوئی میں تیسرے فریق کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ جموں و کشمیر کے بشمول تمام مسائل کی یکسوئی کے ہم پابند عہد ہیں اور یہ تمام امور دونوں ملکوں کے درمیان پرامن مذاکرات کے ذریعہ طے کیے جائیں گے۔
پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا دورہ کلکتہ جہاں انہوں نے پاکستانی قونصل خانہ قائم کرنے کی بات کی ہے ، اس پر تبصرہ کرتے ہوئے سید اکبر الدین نے کہا کہ مرکز کی منظوری کے بغیر ایسا ممکن نہیں اور فی الحال ایسی کوئی بات زیرغور نہیں ہے۔
جموں و کشمیر کے ضلع کھٹوعہ میں پولیس اسٹیشن پر فدائن حملہ کے متعلق پوچھے جانے پر کہ کیا ہندوستان اس واقعہ پر پاکستان کے روبرو یہ مسئلہ اٹھائے گا تو اکبر الدین نے پرعزم لہجہ میں کہا کہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کے خلاف ہندوستان اپنے پڑوسی ملک کو ہمیشہ سے خبرادار کرتا آیا ہے اور جب کبھی ایسا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے ہم نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں (پاکستانی حکام) خبردار کرتے رہیں گے۔

No scope for any third party involvement in India-Pakistan dialogue: Government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں