تحفظات کا مطالبہ پاکستان سے کریں - اسد اویسی کو شیوسینا کا مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-04

تحفظات کا مطالبہ پاکستان سے کریں - اسد اویسی کو شیوسینا کا مشورہ

ممبئی
پی ٹی آئی
مہاراشٹرا میں مسلمانوں کے لئے تحفظات کا مطالبہ کرنے پر صدر کل ہندمجلس اتحاد المسلمین ورکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی پر تنقید کرتے ہوئے شیو سینا نے آج کہا کہ اگر اقلیتی قائد اپنے مطالبہ کی مذہبی بنیادوں پر تکمیل کے خواہاں ہیں تو انہیں پاکستان جانا چاہئے اور وہاں ا پنے حربے آزمانا چاہئے ۔ بیرسٹر اویسی کی تقریروں کو’’نفرت انگیز‘‘ قرار دیتے ہوئے سینانے کہا کہ دیویندر فڈ نویس حکومت کو چاہئے کہ ان کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کرے۔ شیو سینا کے ترجمان، سامنا کے اداریہ میں کہا گیا کہ بیرسٹر اویسی مراٹھوں کی طرح مسلمانوں کے لئے بھی تحفظات کے لئے زور دے رہے ہیں۔ اس طرح کے اصرار کا ہی نتیجہ تھا کہ پاکستان، ہندوستان سے الگ ہوگیا۔ ہندوؤں کے ساتھ نفرت نے مسلمانوں کے ایک طبقہ کو پاکستان بنانے پر مجبور کردیا ۔ اداریہ میں مزید کہا گیا کہ اقلیتی طبقہ کو ہندوستان کا مادر وطن کی طرح احترام کرنا ہوگا ۔ شیو سینا نے کہا کہ انہیں(مسلمانوں کو) یکساں سول کوڈ کا احترام کرنا ہوگا اور دستور کی دفعہ370کا جوکشمیر کے لئے مطالبہ بندکرنا ہوگا ۔ مذہبی نعروں کے ساتھ تحفظات کا مطالبہ کام نہیں آئے گا۔ مہاراشٹرا میں حکمراں اتحاد میں شامل جماعت نے کہا کہ ایسی کہتے ہیں کہ مسلمان کافی متاثر ہیں اس لئے وہ ان کے بارے میں بات کرتے ہیں ، لیکن کیا انہوں نے انتہا پسند مسلمانوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کے سبب ہندوؤں کے متاثر ہونے کا شمار کریں گے ۔ بیرسٹر اویسی کی تقریروں کو نفرت انگیزقرار دیتے ہوئے شیو سینانے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ یادرہے کہ بیرسٹر اویسی نے ہفتہ کی رات ناگپور میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پسماندہ مسلمانوں کے لئے مہاراشٹرا میں سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی ادارہ جات میں تحفظات کا مطالبہ کیا ۔ یو این آئی کے مطابق شیو سینا کے ترجمان نے لکھا کہ اگر مسلمان ہندوستان میں اپنے مذہب کی بنیاد پرخصوصی سلوک چاہتے ہیں تو انہیں پاکستان چلے جانا چاہئے۔ مسلمانوں کو سب سے پہلے ہندوستان کو اپنا مادر وطن تسلیم کرنا ہوگا وندے ماترم پڑھنا ہوگا ۔ وہ جب تک اپنے مذہب سے چمٹے رہیں گے تب تک آزادی کا مطالبہ نہیں کرسکتے۔ صدر مجلس کے ناگپور جلسے سے خطاب کے دوران ان کے لب و لہجہ پر شدید اعتراض کرتے ہوئے شیو سینا نے کہا کہ غریب ترین مسلمانوں کو تحفظات دئیے جانے چاہئے لیکن اس لئے نہیں کہ وہ مسلمان ہیں بلکہ اس کے ہندوستانی شہری ہونے کی حیثیت سے دئیے جائیں۔ شیو سینانے مسلمانوں سے خاندانی منصوبہ بندی کو بھی قبول کرنے کامطالبہ کیا۔

Muslim quota: Shiv Sena tells Asaduddin Owaisi to pursue his demands in Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں