پرامن انتخابات میں پاکستان اور عسکریت پسندوں کا اہم کردار - مفتی سعید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-02

پرامن انتخابات میں پاکستان اور عسکریت پسندوں کا اہم کردار - مفتی سعید

چیف منسٹر مفتی محمد سعید نے عہدہ کا حلف لیتے ہی ایک متنازعہ بیان دے کر سب کو چونکا دیا کہ پر امن انتخابات کے انعقاد اور اس کی کامیابی کے لئے سرحد پار کے افراد مبارکبادی کے مستحق ہیں کہ انہوں نے سازگار ماحول مہیا کیا ۔ ان کا اشارہ صاف طور پر پاکستان اور حریف کانفرنس کے علاوہ ممنوعہ عسکریت پسندجماعتوں کی طرف تھا۔ ان کے اس بیان پر نیشنل کانفرنس قائد عمر عبداللہ نے سخت اعتراض کیا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی اپنے احساسات سے آگاہ کرچکا ہوں کہ ریاست میں پر سکون اور اسمبلی انتخابات کو کامیاب بنانے کا سہرا حیرت اور عسکریت پسندتنظیموں کے سر ہے ۔ پی ڈی پی۔ بی جے پی حکومت کی تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شریک تھے ۔ پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کے نائب چیف منسٹر نرمل سنگھ اور نئے کابینی وزیر حسیب درابو کے درمیان کھڑے مفتی محمد سعید نے کہا کہ الیکشن کے دوران ساز گار ماحول کی تعمیر میں سرحد پار کے عوام کا بڑا ہاتھ ہے ۔ اگر انہوں نے گڑ بڑ مچائی ہوتی تو ان کی خلل اندازیوں سے انتخابات کا پر امن انعقاد ناممکن ہوجاتا اور خاکسار اس حقیقت کو معترف ہے ۔ دنیا اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ ایک معمولی چنگاری بھی آگ بھڑکا سکتی تھی اور انتخابات میں خلل اندازی کے لئے ایک چھوٹا سا واقعہ بھی کافی ہوسکتا تھا ۔ انہوں نے جمہوری عمل کو کامیاب بنانے کا موقع دیا جس سے امید وں کے نئے چراغ روشن ہوئے ہیں۔ خد انخواستہ اگر وہ شر پسندی پر آمادہ ہوتے تو سارا کھیل بگڑ سکتا تھا۔ مفتی محمد سعید کے اس بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے بی جے پی سے موقف کی وضاحت طلب کی ۔ سعید کے کہنے کے مطابق ہمیں حریت کانفرنس اور ممنوعہ عسکریت پسند تنظیموں کا احسان مند ہونا چاہئے؟ عمر عبداللہ نے اپنی ٹوئٹر سائٹ پر تحریر کیا کہ بی جے پی اور حکومت ہند، چیف منستر کے بیان کے پس منظر میں انتخابی عملہ( پولنگ اسٹاف) اور سیکوریٹی فورسیز کے رول کی وضاحت کی پابند ہے۔ سعید نے سری نگر کے رائے دہندوں کے جوش وخروش اور کثیر تعداد میں ووٹ ڈالنے پر فخرومسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے لئے امن و سکون اولین شرط ہے ۔
چیف منسٹر مفتی محمد سعید نے اپنی حکومت کے مستقبل کے لائحہ عمل کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسداد کرپشن اور اس کا خاتمہ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ وضاحت بھی کردی کہ وہ تاہم کرپشن کے واقعات کو منظر عام پر لانے کے لئے عوام سے موبائل فون کا سہارا لینے کی درخواست نہیں کریں گے۔ عہدہ کی حلف برداری کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عوام کو اپنی حکومت کی ترجیحات سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ انسداد کرپشن سرفہرست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں کجریوال کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کرپشن کو طشت از بام کرنے والوں کو جیب میں موبائل فون رکھنے کا مشورہ نہیں دوں گا ۔ میں سماعت کی صلاحیت و فہم و ادراک کا حامل ہوں ۔، میں معاملات اور ان کی نزاکت کو سمجھ سکتا ہوں اور آپ کی باتیں سن کر ان پر غور بھی کرسکتا ہوں ۔ تاہم اتنا ضروری ہے کہ عہدیداروں کو اپنا طرز عمل تبدیل کرنا ہوگا ۔ انہیں اپنے آپ کو عوامی خدمات کے لئے وقف کرنا پڑے گا ۔ ہم انتہائی با صلاحیت افسروں کی شکل میں انسانی وسائل سے مالا مال ہیں ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں2002کی خدمات کا حوالہ بھی دیا ۔ مفتی محمد سعید نے اس موقع پر وزیر فینانس ارون جیٹلی کی جانب سے ریاست جموں و کشمیر میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی قائم کرنے کے اعلان پر ان کے ساتھ اظہار تشکر بھی کیا۔79سالہ چیف منسٹر نے تاہم یہ وضاحت بھی کی کہ بے روزگاری ان کی حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہوگی جب کہ ریاست میں صد فی صد خواندگی ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ ریاست میں سیاحت میں فروغ کا ڈھنڈورا خوب پیٹا جارہا ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ وادی میں صرف2یا3ہی5ستارہ ہوٹل ہیں جب کہ گلمرگ میں صرف ایک اعلیٰ معیاری ہوٹل ہے جہاں کمروں کی3سال کی پیشگی بکنگ عام ہے ۔

CM Mufti Sayeed credits Pakistan, militant outfits for peaceful polls in J&K, Opposition hits out at PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں