تلنگانہ کی ترقی تلگو دیشم حکومت کی مرہون منت - چندرا بابو نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-04

تلنگانہ کی ترقی تلگو دیشم حکومت کی مرہون منت - چندرا بابو نائیڈو

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر آندھرا پردیش و صدر تلگو دیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں فاضل بجٹ کی موجودگی تلگو دیشم کی مرہون منت ہے ، آج کریم نگر مستقر پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ ریاست میں تلگو دیشم دور حکومت میں ہماری جانب سے کئے گئے اقدامات کے باعث علاقہ تلنگانہ کی ترقی ممکن ہوسکی۔ نئے نئے پراجکٹس حاصل ہوسکے ۔ این چندرا بابو نائیڈوریاست تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کو مضبوط کرنے مرحلہ واری اساس پر مختلف اضلاع کا دورہ کررہے ہیں۔ اسی سلسلہ کے تحت انہوں نے آج ضلع کریم نگر کا دورہ کیا جہاں صدر تلگو دیشم پارٹی کا جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا گیا تاہم مادیگاریزرویشن پوراٹا سمیتی( ایم آر پی ایس ) کی جانب سے این چندرا بابو نائیڈو کے دورے کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ۔ ایم آر پی ایس کے بعض ارکان این چندرا بابو نائیڈو ’’واپس جاؤ‘‘ کے نعرہ بلند کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو گرفتار کرلیا ، ضلع کریم نگر آمد پر این چندرا بابو نائیڈو کا زبردست استقبال کیا گیا اور ریالی کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا ۔ این چندرا بابو نائیڈو نے خطاب کے دوران بار بار خود کو موافق تلنگانہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم دور حکومت میں ہی علاقہ تلنگانہ میں ترقی کے عمل کا آغاز ہوا ۔ تعلیمی سر گرمیوں کو فروغ حاصل ہوا ۔ بڑے پیمانے پر آبی پراجکٹس کے تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوا ۔ حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر کے طور پر ترقی دی گئی ۔ اعلیٰ تعلیمی ادراوں کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ریاست تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ممکنہ تعاون کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ آندھرا پردیش کی جانب سے فاضل برقی، ریاست تلنگانہ کو سربراہ کی جائے گی ۔ تلگو دیشم قائد نے ضلع کریم نگر کو پارٹی کا مضبوط قلعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کہ چند مفاد پرست قائدین نے مشکل حالات میں پارٹی کا ساتھ چھوڑ دیا تاہم پارٹی کارکنوں نے کبھی بھی پارٹی کاساتھ نہیں چھوڑا اور وہ ہمیشہ پارٹی کارکنوں کے احسان مند رہیں گے ۔ ضلع کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ملک کے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کا تعلق کریم نگر سے ہی تھا اور تلگو دیشم دور حکومت میں ضلع کی ترقی کے لئے بہت کچھ کیا گیا ۔ سرکاری سطح پر دونوں ریاستوں کے درمیان ابھرے اختلافات کو گورنر کی موجودگی میں مذاکرات کے ذریعہ حل کرلئے جانے کا یقین ظاہر کرتے ہوئے صدر تلگو دیشم نے کہا کہ وہ ریاست ہائے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کو ترقی کرتے وہئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس لئے وہ حکمرانی اور ریاست کو الگ الگ تصور کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں تلگو دیشم کی دونوں ریاستوں میں ترقی عزیز ہے اور بطور صدر پارٹی وہ دونوں ریاستوں میں پارٹی کو مقبول عام اور مستحکم بنانے کے لئے کام کرتے رہیں گے۔
قبل ازیں رکن اسمبلی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ قیام تلنگانہ ، تلگو دیشم پارٹی سے ہی ممکن ہوسکا۔ تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے ریاست کی تقسیم کے لئے رضا مندی سے متعلق مرکزی حکومت کے نام دئیے گئے مکتوب کے بعد ہی مرکز ، ریاست کی تقسیم کے لئے آمادہ ہوئی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بیشمار قربانیوں کے بعد حاصل تلنگانہ کو کوئی ایک جماعت اپنی کوشش قرار نہیں دے سکتی ۔ ٹی آر ایس کی کوشش کے دعویٰ کی مذمت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو چاہئے کہ وہ مجاہدین تلنگانہ کے مجسموں کو حسین ساگر میں گوتم بدھا کے مجسموں کے ساتھ نصب کرے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر اپنے افراد خاندان کے ہمراہ اراضیات ، ریت کانکنی اور شراب کے ذریعہ بے شمار دولت اکٹھا کرلینے کا الزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ عوام کو چندر شیکھر راؤ کی حقیقت کا پتہ چل چکا ہے اور مناسب موقع پر انہیں زبردست سبق سکھایاجائے گا ۔ اس اجلا س سے تلگو دیشم قائدین ایل رمنا ، ای دیا کر راؤ پرکاش گوڑ، سدالا دیویا، این نرسی ریڈی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر تلگو دیشم کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔
حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
آندھر اپردیش کے فینانس منسٹر ینملا راما کرشنوڈو12مارچ کو اسمبلی میں عام بجٹ پیش کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر فینانس ینملا راما کرشنوڈو مختلف محکمہ کے تعاون کے ساتھ عام بجٹ کی تیاری میں مصروف ہیں ۔ امید کی جارہی ہے کہ2015-16کے بجٹ میں تقریباً ایک لاکھ کروڑ کی مالیاتی تجاویز پیش کی جائے گی ۔ اس بجٹ میں دارالحکومت کے قیام، پلا ورم پراجیکٹ کی تکمیل اور دیگر متعارف کردہ فلاحی اسکیمات و ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لئے کثیر رقم مختص کی جائے گی ۔ علاوہ ازیں بجٹ تجاویز کر حتمی شکل دینے سے قبل چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نائیڈو عنقریب وزیر اعظم نریند ر مودی اور مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کریں گے اور اے پی کے لئے مختص کردہ رقم کو یقینی بنائیں گے ۔ یاد رہے کہ آندھر اپردیش کا بجٹ سیشن 7مارچ تا27مارچ منعقد کیاجائے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں