بل گیٹس کو پھر ایک بار دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-04

بل گیٹس کو پھر ایک بار دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز

نیویارک
رائٹر
مالیاتی جریدہ فوربز کی سالانہ امیر ترین افراد کی فہرست کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ گزشتہ 21سالوں میں بل گیٹس 16بار دنیا کے امیر ترین فرد قرار دئیے جاچکے ہیں ۔ مائیکرو سافٹ کے بانی نے اس سال پھر امارت کے معاملہ میں میکسیکو کے صنعت کار کارلوس سلم کو شکست دی ۔ فوربز کے اندازوں کے مطابق بل گیٹس کی دولت اور اثاثوں میں اس سال3ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور ان کی مالیت اب79ارب ڈالر ہے۔ جریدہ کے مطابق اس وقت دنیا میں1826ارب پتی ہیں اور گزشتہ12مہینوں اربپتیوں کی تعداد میں181افراد کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس سال بھی ارب پتی افراد کی فہرست میں ٹیکنالوجی کی دنیا سے وابستہ افراد کی تعداد زیادہ ہے ۔ وال مارٹ کی جانشین کرسٹی والٹن دنیا کی امیر ترین خاتون قرار پائی ہیں ۔ خیال رہے کہ کرسٹی گزشتہ 6سالوں میں5بار یہ اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔ فیس بک کے بانی مارک زوکر برگ کا نام پہلی بار دنیا کے20امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ہے۔ مالیاتی جریدہ فوربز کے مطابق مسیجنگ ایپ سینپ چیٹ کے شریک بانی24سالہ ایون سپیگل دنیا کے کم عمر ترین ارب پتی ہیں ۔ کارہائرنگ سروس اوبر کے بانیوں ٹریوس کلانک اور گیرٹ کیمپ سمیت اس سال سلیکون ویلی نے23نئے ارب پتی پیدا کئے ہیں ۔ گزشتہ برس کی فہرست میں سے138افراد اس سال اس میں اپنا نام شامل کرانے میں ناکام رہے ہیں۔ دوسری جانب ماریولوپیز اس فہرست کا حصہ بننے والے گوئٹے مالا کے پہلے شہری ہیں ۔

Bill Gates is named world's richest person again

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں