آندھرا پردیش 2029 تک ترقی یافتہ ریاست ہوگی - چندرا بابو نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-03-12

آندھرا پردیش 2029 تک ترقی یافتہ ریاست ہوگی - چندرا بابو نائیڈو

حیدرآباد
آئی اے این ایس
آندھر اپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج اسمبلی میں کہا کہ ان کی ریاست 2029ء تک ترقی یافتہ ترین ریاست میں تبدیل ہوجائے گی ۔ گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر کے مباحث کا جواب دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ مرکز کی مناسب امداد کے بغیر ریاست کو درپیش مختلف ضرورتوں کی تکمیل مشکل ہے۔ انہوں نے ارکان کو تیقن دیا کہ اے پی کو خشک سالی سے پاک ریاست میں تبدیل کرنے اور 4تا5سال کے عرصہ میں پولا ورم آبپاشی پراجکٹ کی تعمیر مکمل کرنے کے لئے کوششیں جاری رہین گی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ مختلف فلاحی اسکیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پسماندہ ذاتوں کے لئے ایک ذیلی منصوبے کی تیاری جاری ہے ۔ پسماندہ طبقات کی جن برادریوں نے قرض لئے ہیں انہیں معاف کردیاجائے گا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ کاپوبرادری کو پسماندہ طبقات کی فہرست میں شامل کیاجائے گا اور ریاست کے اقتلیوں کو بھی حکومت تمام تر مالیاتی امداد فراہم کرے گی۔ نائیڈو نے کہا کہ ان کی ریاست پہلی ریاست ہے جس نے وظائف دگنے کردیے ہیں ۔ بہت جلد یہ وظائف استفادہ کنندگان کی دہلیز پر ادا کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت نے ڈرائیور س کو5لاکھ روپے کا انشورنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وجئے واڑہ کے قریب نئے دارالحکومت کی تعمیر کے منصوبے کا انکشاف کرتے ہوئے نائیدو نے کہا کہ سنگا پور ، اس کا ماسٹر پلان تیار کررہا ہے جو40ہزار ایکڑ اراضی پر محیط ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ دارالحکومت تعمیر ہوجاتا ہے تو اطراف و اکناف کی اراضیات کی قیمتیں خو د بخود بڑھ جائیں گی۔

Andhra Pradesh will become developed state by 2029, Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں