موبائل پر اردو لائبریری - انڈروئیڈ ایپ - محبان اردو کے لئے تحفۂ خاص - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-04

موبائل پر اردو لائبریری - انڈروئیڈ ایپ - محبان اردو کے لئے تحفۂ خاص


bazm-e-Urdu App
موبائل پر اردو لائبریری ، ہزارہا کتب، محبان اردو کے لئے تحفۂ خاص
استعمال بالکل مفت ۔ یونی کوڈ فارمیٹ میں ہونے کی وجہ سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی بھی ضرورت نہیں
اب کمپیوٹر/موبائل پر بھی لفظ/فقرہ کی تلاش کی سہولت کے ساتھ کتابیں پڑھی جا سکتی ہیں
منماڑ کے ڈاکٹر سیف قاضی اور حیدرآباد کے اعجاز عبید کا کارنامہ

زیادہ عرصہ نہیں گزرا جب موبائل فون صرف بات چیت اور ٹیکسٹ میسج کے لیے استعمال کیے جاتے تھے، جس میں ایک آدھ گیم بھی ہوا کرتے تھے اور موبائل فون اپنی دسترس میں رکھنا بڑی حیثیت و وقار کی علامت سمجھی جاتی تھی۔ چونکہ ان دنوں جہاں موبائل کی قیمتیں مہنگی تھیں تو اس کے ذریعے گفتگو بھی آج کی طرح ارزاں نہیں تھی۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے اچانک موبائل کی دنیا میں ایک حیران کن تبدیلی ظہور پذیر ہوئی۔ پہلے رنگین موبائل بازار میں آئے پھر موبائل کمپنیوں نے مزید تحقیق کے بعد لاتعداد خصوصیات والے موبائل فون مارکیٹ میں جاری کیے لیکن ایپل اور اینڈرائڈ اسمارٹ فون کے تعارف کے ساتھ ہی مواصلاتی دنیا میں گویا ایک عظیم انقلاب برپا ہو گیا۔
bazm-e-Urdu Library App
آج کا اسمارٹ فون ایک کرامتی آلہ بن گیا ہے۔ دنیا کی کوئی بھی معلومات درکار ہو ، اپنے فون پر انگلیوں کو حرکت دیجئے ، معلومات فوراً حاضر ۔ چاہے نئی پرانی چیزوں کی خرید و فروخت ہو یا بنک سے لین دین، کسی بین الاقوامی تجارتی ادارے سے متعلق معلومات حاصل کرنی ہو یا کسی سرکاری دفتر کا فارم حاصل کرنا ہو، یہ سب کام اسمارٹ فون سے ہونے لگے ہیں ۔
اسمارٹ فون کی اہمیت اور اس سے مستفید ہونے والے بڑے طبقے کو ذہن میں رکھ کر مختلف زبانوں کے فروغ کے لئے کام کرنے والے اشخاص بھی منظر عام پر آتے گئے ۔ مختلف زبانوں کی جامع لغات ، وسیع تر لائبریریاں اور زبانوں پر عبور حاصل کرنے کے لئے مختلف موبائل ایپس [Mobile Apps] متعارف کروائے گئے ۔ نت نئے گیم، ڈکشنریاں ، فوٹو ایڈیٹنگ پروگرام اور گفتگو و پیغام رسانی کے لئے چھوٹے چھوٹے اپلی کیشنز متعارف کرائے گئے جنہوں نے نہ صرف عوام کی زندگیوں کو آسان کیا بلکہ ان کی سہولت کے مطابق ایپس [Apps] کے حصول کو بھی ممکن بنایا۔

اردو میں اس کمی کو بہت شدت سے محسوس کیاجارہا تھا۔ حالانکہ اس سلسلہ میں کوششیں تو بہت ہوئیں یا ہو رہی ہیں لیکن اس مقصد میں کامیابی قلیل ترین افراد کے ہی نصیب میں آ سکی ۔ دیگر الفاظ میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگوں نے اس جانب توجہ تو دی لیکن ان کی حیثیت آٹے میں نمک کے برابر رہی، جو اردو والوں کی تشنگی کو مٹا نہیں سکی ۔ اردو زبان و ادب کی خدمت کے لئے جو ایپس متعارف کروائی گئیں ، ان کا جائزہ لینے کے بعد یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ لغات، تفاسیر و تلاوت قرآن، احادیث اور دیگر کچھ اہم ایپس کو چھوڑ کر باقی تمام ایپس غیر معیاری او ر ناقابل استعمال ہیں۔

اردو کتابوں کے حوالے سے اگر بات کی جائے تو تقریباً تمام ہی ایپس اپنے امیج فارمیٹ کی وجہ سے صارفین کو راغب کرنے میں ناکام رہی ہیں لیکن حال ہیں "بزم اردو لائبریری" کے نام سے گوگل پلے اسٹور میں ایک ایسی ایپ متعارف کرائی گئی ہے جو محبان اردو کے لئے کسی نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہے ۔
یہ کارنامہ ڈاکٹر سیف قاضی نے انجام دیا ہے ۔ اس لائبریری میں ہزاروں دینی، علمی اور ادبی کتب جمع کردی گئی ہیں ۔ اس لائبریری ایپ کی سب سے بڑی خصوصیت ان تمام کتب کا یونی کوڈ فارمیٹ میں دستیاب ہونا ہے۔

یونی کوڈ فارمیٹ کی وجہ سے کتاب کے صفحات کو ڈاؤن لوڈ نہیں کرنا پڑتا بلکہ پوری کتاب چند ساعتوں میں موبائل فون میں نظر آنے لگتی ہے۔ اس لحاظ سے 2-جی جیسے سست رفتار کنکشن والوں کے لیے بھی یہ ایپ انتہائی مفید ہے۔ چونکہ یہ کتابیں تصویری اردو کے بجائے تحریری متن میں دستیاب ہیں لہذا فیس بک ٹوئٹر واٹس-اپ وغیرہ پر اقتباس شیئر کرنے کے لیے صارف/قاری اپنی مرضی کا ٹیکسٹ کاپی/پیسٹ کر سکتا ہے۔

اس ایپ کی دوسری بڑی خصوصیت کتابوں کا جملہ حقوق سے آزاد ہونا ہے۔ عام طور پر انٹرنیٹ پر پائی جانے والی لائبریریوں میں مصنّفین و ناشرین کے حقوق کا پاس و لحاظ نہیں رکھا جاتا لیکن اس ایپ میں شامل کتابیں مصنّفین کی اجازت کے ساتھ شامل کی گئی ہیں۔ جو پرانی کتابیں جملہ حقوق سے آزاد ہو جاتی ہیں ان کتابوں کو لائبریری سے منسلک رضاکار دوبارہ یونی کوڈ فارمیٹ میں ٹائپ کرتے ہیں اور بعد میں یہاں اپ لوڈ کر دیا جاتا ہے۔

bazm-e-Urdu Library
ایپ میں موجود تمام کتابوں کو دین و مذہب ، نثری ادب ، شعری ادب ، بزم اطفال اور متفرقات کے تحت زمرہ جات میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ دین و مذہب میں کسی ایک مسلک کی نمائندگی کرنے کے بجائے اس ایپ میں تمام مکاتب فکر کی کتابیں جمع کی گئی ہیں ۔ ان کتابوں کی جمع و ترتیب اور انتخاب میں حیدرآباد کی مشہور علمی و ادبی شخصیت اعجاز عبید نے کلیدی رول نبھایا ہے ۔ انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو زبان و ادب کے حوالے سے اعجاز عبید نے جو مقام و اعتبار حاصل ہے وہ شاذ و نادر ہی کسی اور کو حاصل ہوا ہو۔ اس لئے بجا طور پر یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ بزم اردو میں شامل اردو ادب کی تمام تر کتابیں انتہائی معیاری ہیں۔
اب تک بزم اردو لائبریری محض ویب سائٹ پر دستیاب تھی جسے اب بھی اس موبائل ایپ کے بغیر مندرجہ ذیل پتے پر کمپوٹر یا موبائل فون کے براؤزر کے ذریعے ملاحظہ کیا جا سکتا ہے:
http://lib.bazmeurdu.net
لیکن اس ایپ کی وجہ سے با آسانی موبائل فون پر بھی اب اردو کتابیں پڑھی جا سکیں گی۔

aijaz-ubaid and saif-qazi
تاریخ میں اپنا کارنامہ رقم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وسائل کے بغیر محض یقین پیہم اور جہد مسلسل کو بروئے کار لاکر کچھ کر دکھایا جائے۔ بزم اردو لائبریری کی ویب سائٹ اور اینڈروئیڈ ایپ اسی کی ایک مثال ہے کہ ایک ماہر ارضیات (اعجاز عبید، حیدرآباد‘انڈیا) نے اردو یونی کوڈ کتابوں کی جمع و ترتیب و تدوین کا ذمہ اپنے سر لیا اور ایک ڈاکٹر ( سیف قاضی، منماڑ) نے اپنی ذاتی لگن اور محنت سے تکنیکی ٹیم کی عدم موجودگی میں نہ صرف ویب سائٹ تیار کی بلکہ اینڈروئیڈ ایپ تیار کر کے اردو ادب کے اس سرمایہ کو آپ کے موبائل تک پہنچا دیا۔
امید قوی ہے کہ خادمین زبان و ادب کی س طرح کی کوششوں کو سراہا جائے گا اور ایک بڑا طبقہ اس ایپ سے مستفیذ ہوگا۔ محبان اردو کے لیے یہ ایپلی کیشن بالکل مفت دستیاب ہے۔ جسے درج ذیل ربط سے انسٹال کیا جا سکتا ہے:

بزم اردو اینڈروئیڈ ایپ

***
رد و بدل و اضافہ :
علمدار حسین ، مکرم نیاز

***
alamislahi[@]gmail.com
موبائل : 09911701772
E-26, AbulFazal, Jamia Nagar, Okhla , New Delhi -110025
--
علم اللہ اصلاحی

Urdu Library on Mobile, an Android App. - Article: Alamullah Islahi

1 تبصرہ:

  1. Assalam o Alaikum wa Rahmatullah e wa Barakatoho,
    Ezzat M,aab Muhtram Shaikh sahib! I am student of PhD Islamic Studies
    in Sargodha University.My topic for PhD thesis is " PUNJAB MAEN ULOOM
    UL QURANWA TAFSEER UL QURAN PER GHAIR MATBOOA URDU MWAD'' please guide
    me and send me the relavent material.I will pray for your success and
    forgiveness in this world and the world hereafter.
    Jzakallah o khaira.
    hopful for your kindness.
    your sincerely and Islamic brother,
    RafiudDin
    Basti dewan wali street Zafar bloch old Chiniot road Jhang saddar.
    Email: drfi@ymail.com, rafiuddinqamar@gmail.com mob:03336750546,03016998303

    جواب دیںحذف کریں