امریکی کمپنیاں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے کوشاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-25

امریکی کمپنیاں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے کوشاں

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
امریکی کمپنیاں حیدرآباد میں سرمایہ کاری کے لئے کوشاں ہیں ۔ امریکی سفیر برائے ہندوستان رچرڈ ورما نے آج یہ بات بتائی۔ گزشتہ ماہ اپنے نئے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد جنوبی ہند کے شہر حیدرآباد کا پہلا دورہ کرتے ہوئے رچرڈ ورما نے آج سکریٹریٹ پہنچ کر تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ رچرڈ ورما کے بموجب امریکہ ، ہندوستان کی سب سے نئی ریاست کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ۔سفیر نے کہا کہ کئی امریکی کمپنیاں ، حیدرآباد میں پہلے سے ہی موجود ہیں ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکی صدر کے ہیلی کاپٹرس کے کیبن، حیدرآباد کے مضافات میں واقع ٹاٹا کی ایک فیاکٹری میں تیار کیے جارہے ہیں ۔ کے چندر شیکھر راؤ اور رچرڈ ورما کے درمیان امریکہ اور تلنگانہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے سینکڑوں طلباء، امریکہ میں زیر تعلیم ہیں اور یہاں کے شہریوں کی بڑی تعداد نا صرف وہاں بر سر روزگار ہے بلکہ ہزاروں افراد وہاں سکونت بھی اختیار کرچکے ہیں ۔ دونوں کے درمیان ، گچی باؤلی میں امریکی قونصل خانہ کی مستقل عمارت کی تعمیر پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ رچرڈ ورما نے کے سی آر کو بتایا کہ امریکی حکومت اور کمپنیاں ، حکومت تلنگانہ کی نئی پالیسیوں اور آغاز کردہ پروگراموں پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے رچرڈ ورما کو تلنگانہ کی نئی صنعتی پالیسی کے بارے میں واقف کروایا اور یہ بھی بتایا کہ ان کی حکومت کس طرح حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر مقامات پر سرمایہ کاری کے لئے سرمایہ داروں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ رچرڈ ورما نے تلنگانہ کے چیف منسٹر سے ریاست میں برقی پیداوار اور سربراہی کی صورتحال کے بارے میں بھی استفسار کیا ۔ کے سی آر نے انہیں بتایا کہ ریاست، اندرون 3برس یہ مسئلہ حل کرلے گی کیونکہ حکومت نے برقی قلت دور کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ امریکی سفیر نے کے چندر شیکھر راؤ کو بتایا کہ کئی امریکی کمپنیاں ، ، تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں تاہم انہیں برقی قلت پر تشویش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور تلنگانہ، امریکی کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری کی منزل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ چیف منسٹر نے امریکی سفیر کو بتایا کہ حیدرآباد، امریکی کمپنیوں کے لئے ایک محفوظ مقام ہے ۔ انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے زیر تعمیر میٹرو ریل پراجکٹ کی تفصیلات سے بھی انہیں واقف کرایا۔ کے چندر شیکھر راؤ نے رچرڈ ورما کو حکومت کے مختلف پروگراموں جیسے کاکتیہ مشن، واٹر گرڈ پراجکٹ اور دیگر سے بھی واقف کروایا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ تلنگانہ، سرمایہ کاری کے لئے ایک بہترین اور موزوں مقام ہے اور حکومت نے ایسی صنعتی پالیسی جاری کی ہے جس کے تحت اندرون15دن صنعتوں کے قیام کی اجازت دے دی جائے گی۔ امریکی سفیر رچرڈ ورما نے پیر کے دن اے پی کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کر کے امکانی تعاون و اشتراک کے مختلف شعبوں کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ انہوں نے اے پی میں دفاع ، تعلیم ، سائنس اینڈ ٹکنالوجی ، انفارمیشن ٹکنالوجی ، ٹورازم ، انفراسٹرکچر اور بندرگاہوں کے شعبوں میں امریکی کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں استفسار کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے انہیں ریاست کے شعبہ سیاحت میں امکانات سے واقف کروایا اور کہا کہ اے پی کے پاس جنوب مشرقی ایشیاء کا لاجسٹک ہب(انصرامی مرکز) بننے کی پوری صلاحیت موجود ہے ۔ وشاکھاپٹنم کو اسمارٹ سٹی بنانے کے لئے امریکہ کے ساتھ اشتراک پر چیف منسٹر نے کہا کہ تمام امور کو جلد قطعیت دیتے ہوئے فوری طور پر تعمیری کاموں کا آغاز کیاجانا چاہئے ۔

US firms keen to invest in Hyderabad: Richard Verma

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں