بجٹ سشن سے قبل راہول گاندھی کی رخصت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-24

بجٹ سشن سے قبل راہول گاندھی کی رخصت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے پارلیمنٹ کے بجٹ سشن سے عین قبل پارٹی سے رخصت لے لی ہے ۔ وہ آئندہ چند ہفتے نظر نہیں آئیں گے ۔ ذرائع کے مطابق راہول گاندھی نے چند ہفتے کی رخصت لی ہے تاکہ اس دوران وہ دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے مکمل صفائے ، لوک سبھا و مختلف ریاستوں کے انتخابات میں پارٹی کی شرمناک شکست کے اسباب اور پارٹی کے مستقبل پر غوروخوض کرسکیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی کو چند ہفتوں کے لئے غیر حاضر رہنے کی اجازت دے دی گئی ہے جس کے بعد وہ واپس ہوں گے اور کانگریس کے امور میں سر گرم حصہ داری شروع کردیں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ راہل گاندھی نے صدر کانگریس گاندھی سے درخواست کی کہ حالیہ تبدیلیوں اور پارٹی کے مستقبل کے لائحہ عمل پر غوروخوض کے لئے انہیں کچھ مہلت دی جائے ۔ ان کا ماننا ہے کہ اے آئی سی سی کے آنے والے سشن میں پارٹی جو رخ بھی اختیار کرے گی وہ اس کے مستقبل کے لئے نہایت اہم ہوگا اور راہول چاہتے ہیں کہ اس کے لئے تیاری کی جائے۔ کانگریس نے بد ترین مظاہرہ کا سلسلہ گزشتہ سال لوک سبھا انتخابات سے شروع کیا اور حال ہی میں منعقدہ دہلی کے بشمول مختلف ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بھی یہ تسلسل جاری رکھا۔ دہلی میں شرمناک شکست جہاں70رکنی ایوان میں وہ ایک سیٹ بھی حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی اس پارٹی کے لئے صدمہ انگیز بات ہے جو دسمبر2013ء تک 15سال اس ریاست پر حکومت کرتی رہی ۔ اے آئی سی سی کا اجلاس توقع ہے کہ اپریل کے اوائل میں منعقد ہوگا اور میڈیا اطلاعات میں یہ قیاس ظاہر کیا گیا ہے کہ راہول کو اس موقع پر پارٹی کا سربراہ بنادیاجائے گا۔

Rahul Gandhi's leave before Budget Session

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں