پاکستان نے ڈھاکہ سے اپنے سفارتکار کو واپس طلب کر لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-06

پاکستان نے ڈھاکہ سے اپنے سفارتکار کو واپس طلب کر لیا

ڈحاکہ
پی ٹی آئی
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں تعینات ایک پاکستانی سفارت کار کے خلاف سنگین نوعیت کے الزامات سامنے آنے کے بعد انہیں پاکستانی وزارت خارجہ نے واپس طلب کرلیاہے۔ بنگلہ دیشی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق اس سفارتکار پر دہشت گردی کے لئے پیسہ فراہم کرنے اور بنگلہ دیش میں جعلی ہندوستانی کرنسی کا ریاکٹ چلانے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ وزارت خارجہ کے حکام کے حوالے سے کہا یہ سفارتکار جن کا نام محمد مظہر خان بتایا گیا ہے ، پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے لئے بھی کام کررہے تھے۔ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمشنر پر نہ صرف اس واقعہ کی وجہ سے دباؤ تھا بلکہ بنگلہ دیش کی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے اس پر کڑی نظر رکھی گئی تھی۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے حوالے سے اس سفارتکار کے بنگلہ دیش سے پاکستان پہنچ جانے کی تصدیق کی ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بنگلہ دیشی حکومت کی طرف سے پاکستانی سفارتکار کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے اور کہاہے کہ یہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں ۔ بنگلہ دیشی حکام نے پاکستانی وزارت خارجہ سے کہا تھا کہ بجائے اس کے کہ مذکورہ سفارتکار کو بنگلہ دیش سے نکالاجائے ۔ پاکستانی حکومت خود ہی ان کو واپس طلب کرلے ۔ بنگلہ دیشی دفتر خارجہ نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ انہوں نے پاکستانی دفتر خارجہ سے اس سفارتکار کو واپس بلا لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافے کے باعث بنگلہ دیش نے پاکستانی سفارتکار اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیاہے ۔ گزشتہ ماہ جنوری میں بنگلہ دیش کی پولیس نے4مبینہ داعش کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور الزام عائد کیا تھاکہ گروپ کے لیڈر کا کہنا ہے کہ اس نے ٹریننگ پاکستان میں حاصل کی ہے ۔ واضح رہے کہ دسمبر2013میں پاکستانی پارلیمنٹ میں جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما عبدالقدیر ملا کو پھانسی دینے کے خلاف پاس کی جانے والی قرارداد پر بنگلہ دیش کی حکومت نے پاکستانی سفیر کو وضاحت کے لئے طلب کرلیاتھا۔

Pakistani diplomat expelled from Dhaka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں