پاکستان - شیعہ عبادتگاہ پر خودکش بندوق برداروں کا حملہ - 20 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-14

پاکستان - شیعہ عبادتگاہ پر خودکش بندوق برداروں کا حملہ - 20 ہلاک

پشاور
پی ٹی آئی
پاکستان کے شمالی مغربی گڑ بڑ زدہ علاقہ میں آج نماز جمعہ کے دوران شیعہ اقلیت کی مسجد پر ، کلاشنکوف رائفل بردار طالبان خود کش بم برداروں نے حملہ کردیا ۔ کم از کم20افراد ہلاک اور50زخمی ہوگئے ۔ حملہ کے وقت، مسجد مصلیوں سے بھری ہوئی تھی ۔ حملہ آوروں نے فائرنگ کرت ہوئے بم دھماکے بھی کئے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ٹھیک دو ہفتہ قبل ایک اور خو کش بم بردار کا حملہ صوبہ سندھ میں نماز جمعہ کے دوران مصلیوں سے بھری ہوئی ایک شیعہ مسجد کے اندر ہوا تھا ۔61افرا دہلاک ہوگئے تھے جن میں بچے بھی شامل تھے ۔ حالیہ برسوں میں پاکستان میں یہ ہلاکت خیز ترین حملہ تھا۔ تحریک طالبان پاکستانی (ٹی بی پی)نے آج کے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ آج کا حملہ فیشن ایبل علاقہ حیات آباد کی امامیہ مسجد (امام بارگاہ) پر ہوا جہاں مصلی حضرات ، نماز جمعہ کے لئے جمع ہوئے تھے ۔ امام بارگاہ ، کئی سرکاری عمارتوں ، بشمول مقامی پاسپورٹ سنٹر اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے دفاتر کے قریب واقع ہے ۔ فائرنگ کی آوازو ں کے علاوہ کم از کم تین بم دھماکے بھی سنے گئے ۔ ڈان ڈاٹ کام نے ایس ایس پی آپریشنس میاں سعید کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ گرینیڈس اور کلاشنکوف رائفلوں سے لیس تین خود کش بم بردار، مسجد میں داخل ہوئے ۔ ان میں سے صرف ایک حملہ آور بم کا دھماکہ کرسکا۔ دوسرے خود کش بم بردارکو سیکوریٹی فورسس نے ہلاک کردیا جب کہ تیسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ایک خود کش بم بردار کی جیاکٹ کو ناکارہ بنادیا۔آج ہوئے حملہ نے گزشتہ16دسمبر کو پشاور کے اسکول کے قتل عام کی یاد تازہ کردی ہے۔ اس حملہ میں کم از کم150افراد بشمول136طلباء کی جانیں ضائع ہوئی تھیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے آج کے حملہ پر زور مذمت کی ہے ۔ سیاسی قائدین بشمول صدر نشین پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) عمران خان نے بھی آج ہوئے حملہ پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے ۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ بعض عسکریت پسندعناصر ، مسجد میں ہنوز موجود تھے اور سیکوریٹی فورسس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا ۔ متاثرہ علاقہ کو سیکوریٹی اور امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔ مزید معائنہ کے لئے سیکوریٹی فورسس نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔ حیات آباد پر ، ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ پوری طرح نظر رکھی گئی ہے ۔ اس علاقہ کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنے سیکوریٹی عملہ کے کئی جوانوں نے مورچے سنبھال لئے ہیں۔

Pakistani Taliban attack Shia mosque in Peshawar killing 20

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں