مسلم تحفظات جلسہ کی اجازت دینے سے پونے پولیس کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-03

مسلم تحفظات جلسہ کی اجازت دینے سے پونے پولیس کا انکار

پونے
اعتماد نیوز
پونے پولیس نے4فروری کو مہاراشٹرا ایکشن کمیٹی اور ملنی واسی مسلم منچ کی جانب سے گولی بار میدان میں منعقد ہونے والے کل جماعتی جلسہ عام’’مسلم آرکشن پریشد‘‘ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ اس کل جماعتی جلسہ سے بیرسٹر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اور صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین خصوصی خطا کرنے والے تھے۔ پونے پولیس کمشنر ستیش ماتھر نے شیو سینا پونے یونٹ کے صدر ونائیک نمہان کی نمائندگی کے بعد جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ ونائک نمہان نے کمشنر کومکتو ب لکھتے ہوئے بتایا تھا کہ مجلس اتحاد المسلمین کے قائدین اویسی برادران پونے میں ایک جلسہ میں شرکت کرنے والے ہیں ، ان کی تقریروں سے پونے شہر میں نقض امن کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے ۔ یہ دونوں بھائی ہندو مذہب کے ماننے والوں کے جذبات مجروح کرسکتے ہیں ۔ اس لئے ان کے جلسے کی اجازت نہ دی جائے ۔ پونے ایک تعلیمی شہر ہے جہاں کا ماحول پر امن ہے جس کے بعد پولیس نے جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ جلسہ کے منتظمین نے پولیس کے اس اقدام کی شدید مخالفت کرتے ہوئے آج پونے کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ یہ جلسہ کوئی سیاسی جلسہ نہیں ہے، یہ کل جماعتی جلسہ ہے ، جس میں بیرسٹر اویسی کے ساتھ جسٹس بی جی کولسے پاٹل، عام آدمی پارٹی کے قائدین کے علاوہ دلت اور پسماندہ طبقات تنظیموں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ منتظمین نے پولیس کے اقدام کی شدت سے مخالفت کی ۔ پولیس نے منتظمین کو مشورہ دیا کہ وہ گولی بار میدان کے علاوہ کسی دوسرے گراؤنڈ میں جلسہ معنقد کریں ، جس کے بعد منتظیمن کی جانب سے متبادل جگہ پر جلسہ منعقد کرنے کی پولیس میونسپل کارپوریشن سے اجازت بھی لی گئی اور پولیس کو واقف کروایا گیا لیکن متعلقہ ڈی سی پی نے یہ بتایا ہے کہ وہ پولیس کمشنر سے مشاورت کے بعد ہی اجازت سے متعلق واضح جواب دیں گے ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اویسی کی آمد کی اطلاع سے پورے پونے شہر میں جوش و خروش کا ماحول ہے ۔ پونے کے ایک سینئر صحافی شبیر محمود مجاہد نے بتایا کہ شہر کے کئی مقامات پر صدر مجلس کے ہورڈنگس فلیکسی بورڈس اور کٹ آؤٹ لگائے گئے ہیں۔ ہزاروں لوگ جلسہ میں شرکت کرنے والے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پونے میں پہلی مرتبہ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کا خطاب ہونے والاتھا۔ ان کی آمد سے قبل جو ماحول میں گرمی پیدا ہوئی ہے اس کو دیکھتے ہو ئے شیو سینا نے اس کو انا کا مسئلہ بنالیا ہے ۔ وہاں صورتحال اضطراب آمیز ہے ۔ شیو سینا کھلے عام اعلان کررہی ہے کہ وہ یہ جلسہ ہونے نہیں دے گی ، دوسری طرف پولیس کی جانب سے اجازت سے انکار پر لوگوں کی اکثریت میں ناراضگی ہے ۔ واضح رہے مجلس اتحاد المسلمین نے مہاراشٹرا میں مسلم تحفظات کی بحالی کے لئے ریاست گیر احتجاجی مہم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت گزشتہ دنوں بیڑ میں ایک زبردست جلسہ بھی منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، یہ جلسہ پر امن رہا۔ پونے کے جلسہ کے منتظمین نے کہا ہے کہ اگر پولیس جلسے کی اجازت نہیں دے گی تو وہ منگل کے دن بامبے ہائی کورٹ سے رجوع ہوں گے ۔

Pune Police refused permission to a proposed Muslim conference on reservations

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں