وزیراعظم مودی کے بیان کا اوباما کی جانب سے خیر مقدم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-22

وزیراعظم مودی کے بیان کا اوباما کی جانب سے خیر مقدم

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکی صدر بارک اوباما نے وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے مذہبی تشدد کی مذمت کی ہے اور یہ تیقن دیا ہے کہ ان کی حکومت تمام مذاہب کا مساویانہ احترام کرے گی ۔ وائٹ ہاؤز نے ایک آن لائن درخواست کے جواب میں اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ صدر نے وزیر اعظم مودی کے17فروری کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ جس میں مذہب کی بنیاد پر تشدد کی مذمت کی گئی ہے۔ اس بیان میں یہ بھی تیقن دیا گیا ہے کہ ان کی حکومت تمام مذاہب کا مساویانہ احترام کرے گی ۔ نیویارک میں قائم سکھس فارجسٹس نامی تنظیم کی جانب سے شروع کی گئی آن لائن پیٹشن میں اوباما سے ان کے دورہ ہند سے قبل خواہش کی گئی تھی کہ وہ سکھوں کے قتل عام اور سکھوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ، مودی کے ساتھ بات چیت میں اٹھائیں ۔ اس درخواست پر زائد از ایک لاکھ پچیس ہزار افراد نے دستخط کئے تھے ۔ وائٹ ہاؤز عموماً درخواشت پیش کئے جانے کے اندرون ایک ماہ اس کا جواب دیاکرتا ہے ۔ وائٹ ہاؤز نے درخواست پر دستخط کرنے والوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دورہ ہند کے موقع پر صدر نے27جنوری کو سیری فورٹ آڈیٹیوریم میں مذہبی رواداری اور ہندوستان میں مذہبی آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا ۔ وائٹ ہاؤز نے کہا کہ صدر نے ستائیس جنوری کے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ دونوں ملکوں ہندوستان اور امریکہ میں ہمارا تنوع ہی ہماری طاقت ہے ۔ ہم نہ صرف اپنے ممالک میں بلکہ دنیا بھر میں اس اصول کی توثیق کے لئے کام کررہے ہیں۔ سکھس فارجسٹس کے قانونی مشیر گرپتونت سنگھ پنون نے تمام مذاہب کو مساویانہ موقف پر اوباما کے اصولی موقف کی ستائش کرتے ہوئے کہا تھا کہ سکھ گروپ کی درخواست پر وائٹ ہاؤز کا جواب ایک اور مرتبہ اس بات کی یاددہانی کراتا ہے کہ ہندوستان کی کامیابی ، تمام برادریوں کو مذہبی آزادی اور مہارت پیدا کرنے کی آزادی میں مضمر ہے ۔ انہیں نسل کشی کے خوف کے بغیر اپنے عقیدہ کا پرچار کرنے کی آزادی بھی حاصل ہے ۔

Obama welcomes Modi assurance on religious freedom

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں