الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی گئی - الکشن کمیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-05

الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی گئی - الکشن کمیشن

نئی دہلی
پی ٹی آئی
الیکشن کمیشن نے آج عام آدمی پارٹی قائد اروند کجریوال کے ان اندیشوں کو مسترد کردیا کہ 7فروری کے دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے چند الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ کجریوال جنہوں نے آج الیکشن کمیشن کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی اور انہیں تفصیلی طور پر حقیقی موقف سے واقف کرایا گیا کہ مشینوں کے سافٹ ویئر میں کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہوئی ہے ۔ انہیں سمجھا اگیا کہ مشینوں کی منتقلی کے دوران تینوں کنٹرول اور چار بیالٹ یونٹوں کے قفل ٹوٹ گئے تھے اور عام مبصرین کی موجودگی میں ان یونٹوں کو تبدیل کیا گیا ۔ بعد ازاں عام آدمی پارٹی کے ایک نمائندہ نے اس دستاویز پر دستخط کئے جس میں تفصیلات بیان کی گئی تھیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ دراصل یہ نقص میکانکی نوعیت کا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ اروند کجریوال نے جن مشینوں کا حوالہ دیا وہ2006کے بعد کے بیاچ کی ہیں جن میں چھڑ چھاڑ کی کوئی گنجائش نہیں ۔ کجریوال نے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق مسئلہ پر ہمارے تمام شکوک و شبہات دور کردیے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ استعمال کی جانے والی الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں عصری ہیں اور چھیڑ چھاڑ سے محفوظ ہیں ۔ ان کی دہری جانچ پڑتال کی جاتی ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر کو بتایا گیا کہ اصل ووٹنگ کے لئے استعمال کئے جانے سے قبل کنٹرول یونٹوں کی کئی مراحل میں جانچ پڑتال کی جاتی ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ حقیقی پولنگ سے قبل تمثیلی پولنگ کی جاتی ہے جس میں خراب مشینوں کو تبدیل کیا جاتا ہے۔ ایسی تمثیلی پ ولنگ کے دوران ووٹنگ مشینوں کے بارے میں پارٹی نمائندوں کے اندیشوں کا نوٹ لیاجاتا ہے ۔ کجریوال نے کل دعویٰ کیا تھا کہ دہلی کنٹونمنٹ علاقہ میں ایسی چار مشینوں کے معائنہ کے دوران خامیاں پائی گئی تھیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ چاہے کوئی بھی بٹن دبایاجائے بی جے پی کے انتخابی نشان کے بالمقابل لائٹ جل اٹھتی تھی ۔ عام آدمی پارٹی قائدین گزشتہ ہفتہ الیکشن کمشنر سے رجوع ہوئے تھے ۔ تاکہ یہ جان سکیں کہ اگر کسی رائے دہندہ کو ایسی کوئی خامی نظر آئے تو اسے کیا کرنا چاہئے ۔

No 'tampering' of EVMs: Election Commission to Arvind Kejriwal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں