چیف منسٹر بہار مانجھی اور نتیش کمار کی اقتدار کے لئے رسہ کشی سڑکوں پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-07

چیف منسٹر بہار مانجھی اور نتیش کمار کی اقتدار کے لئے رسہ کشی سڑکوں پر

پٹنہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی اور سابق چیف منسٹر نتیش کمار کے درمیان اقتدار کے لئے رسہ کشی آج اس وقت سڑکوں پر پہنچ گئی جب مانجھی کے حامیوں نے نہ صرف نتیش کمار کے حامیوں کو مار پیٹ کی بلکہ ان کا پیچھا کرتے ہوئے انہیں پارٹی کے ریاستی ہیڈ کوارٹرس سے بھگا دیا ۔ سابق چیف منسٹر نتیش کمار اپنے آپ کوسماج کے انتہائی پسماندہ طبقات(مہا دلتوں) کی حالت کو بہتر بنانے کے کاز کے چیمپئن کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن آج ان کی ان کوششوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب مانجھی کے حامیوں نے پارٹی کے ریاستی ہیڈ کوارٹر کے قریب نتیش کمار کا پتلا نذر آتش کیا، نتیش کمار اور مانجھی کے درمیان اقتدار کے لئے جاری رسہ کشی جس میں کل شام سے شدت پیدا ہوئی ہے ، آج اس وقت عروج پر پہنچ گئی جب ان کے حامیوں نے ایک دوسرے پرحملہ کردیا ۔ جب مانجھی کے حامی پارٹی کے دفتر کے باہر نتیش کمار کا پتلا نذر آتش کررہے تھے تو کمار کے حامیوں نے اس کی مخالفت کی اور انہیں ایسی حرکت سے روکنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کمار کی تائید میں نعرے بھی لگائے جس کے بعد مانجھی کے حامیوں نے انہیں زبردست مار پیٹ کی ۔ نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ کمار کے حامیوں کو پارٹی کے دفتر میں پناہ لینی پڑی لیکن ایسا محسوس ہو اجیسے وہ وہاں بھی محفوظ نہیں ۔ مانجھی کے حامیوں نے انہیں وہاں بھی مار پیٹ کی اور ان کا پیچھا کرتے ہوئے انہیں وہاں سے بھگا دیا ۔ دونوں جانب کے کارکنوں کی مداخلت کے بعد صورتحال پر قابو پایاجاسکا ۔ پٹنہ کے سلطان گنج علاقہ میں دونوں قائدین کے حامیوں کے مابین جھڑپ ہوئی۔ ریاست کے دیگر علاقوں سے ایسی ہی اطلاعات موصول ہوئیں ۔ اسی دوران چیف منسٹر جتن رام مانجھی نے نتیش کو چیالنج کرتے ہوئے20فروروی کو پارٹی لیجسلیچر کا اجلاس طلب کیا ہے۔ حالانکہ پارٹی صدر اور نتیش کمار کے وفادار شرد یادو نے کل ایسا ہی اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مانجھی نے اپنے پیشرو اور سینئر پارٹی قائد کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ میں جنتادل(یو) لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر ہوں اسی لئے صرف مجھے یہ اجلاس طلب کرنے کا حق حاصل ہے ۔ 7فروری کو طلب کردہ اجلاس غیر مجاز ہے اور میں اس میں شرکت نہیں کروں گا ۔ نتیش کمار اور مانجھی کے درمیان اقتدار کے لئے رستہ کشی گزشتہ9ماہ سے جاری ہے اور نتیش کمار مانجھی کو اس عہدہ سے ہٹانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ سماج وادی پارٹی صدر ملائم سنگھ یاد و نے کل نتیش کمار کو فون کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ بی جے پی کو ٹکر دینا چاہتے ہیں تو آپ کو چیف منسٹر ہونا چاہئے تاکہ سابق جنتا پریوار ایک بار پھر متحد ہوسکے ۔

Nitish, Manjhi supporters clash in Patna, MLAs stage protest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں