مڈ ڈے میل اب زہریلا میل بن گیا ہے - بی جے پی رکن پارلیمنٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-26

مڈ ڈے میل اب زہریلا میل بن گیا ہے - بی جے پی رکن پارلیمنٹ

حکمراں بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے آج لوک سبھا میں یہ کہتے ہوئے حکومت کو پشیمانی سے دوچار کردیا کہ مرکز کی مڈ ڈے میل اسکیم اب’’زہریلا میل اسکیم‘‘ بن گئی ہے جس پر وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے سخت اعتراض کیا تاہم انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ غذا کے ناقص معیار بشمول غذائی تحفظ سے مربوط پہلوؤں کے بارے میں شکایات موصول ہوئی ہیں۔ جھار کھنڈ سے تعلق رکھنے والے رویندر کمار پانڈے نے وفقہ سوالات کے دوران کہا کہ ریاست کے کئی مقامات پر بچوں کو باسی اور ناقابل استعمال غذا دی جارہی ہے اور اسکولوں میں دی جانے والی ناقص معیار کی غذا کا استعمال کرنے کے بعد کئی بچے بیمار ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ زہریلا میل بن چکا ہے جس پر اپوزیشن قہقہہ زار ہوگئی۔ وزیر فروغ انسانی وسائل نے فوری رکن پارلیمنٹ کے بیان پر رد عمل ظاہر کیا اور کہا کہ پانڈے کا یہ استدلال غلط ہے ، انہیں ساری اسکیم کو غلط نہیں کہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر رکن پارلیمنٹ کی کوئی مخصوص شکایت ہے تو انہیں ہمارے علم میں لانا چاہئے ، ہم ریاستی حکومت کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے اس مسئلہ کو حل کریں گے اور کارروائی کی جائے گی ۔ سمرتی ایرانی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بچوں کو گرم پکی ہوئی غذا دی جانی چاہئے اور پیک کی ہوئی غذا دینے کی اجازت نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین سال اور موجودہ سال کے دوران190شکایات موصول ہوئی ہیں۔75فیصد شکایات غذا کے ناقص معیار سے متعلق اور چند شکایات غذا کے محفوظ ہونے کے بارے میں بھی تھیں ۔ ریاستی حکومتوں نے کارروائی کی ہے، جس میں مقدموں کا اندراج ، ذمہ داروں کی برخواستگی یا معطلی کے علاوہ ایسی شکایات کے اعادہ کی روک تھام کے لئے اصلاحی اقدامات شامل ہیں ۔1995ء میں مڈ ڈے میل اسکیم متعارف کرانے کے بعد سرکاری اور سرکاری امدادی اسکولوں میں بچوں کے داخلوں میں ابتدائی طور پر اضافہ دیکھا گیا تھا۔ بہر حال حالیہ برسوں میں داخلوں کی شرح مستحکم ہوئی ہے یا گھٹ گئی ہے ، کیوں کہ ملک کی کئی ریاستوں میں شرح پیدائش مستحکم ہورہی ہے ۔

'Midday meal is poisonous': BJP MP flusters Smriti Irani in Lok Sabha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں