افسپا اور یو اے پی اے قوانین کی منسوخی کے لیے ارکان پارلیمنٹ کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-26

افسپا اور یو اے پی اے قوانین کی منسوخی کے لیے ارکان پارلیمنٹ کا مطالبہ

لوک سبھا میں آج قانون (انسداد) غیر قانونی سرگرمیاں( یو اے پی اے) اور مسلح افواج کے خصوصی اختیارات قانون(افسپا) کی تنسیخ کا اس استدلال کے ساتھ پرزور مطالبہ کیا گیا کہ بے قصور افراد کے خلاف قوانین کا غلط استعمال کیاجارہا ہے ۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے رکن ای ٹی محمد بشیر نے کہا کہ یو اے پی اے کا غلط استعمال کرتے ہوئے ہزاروں بے قصور نوجوانوں کو جیل میں سڑایا جارہا ہے ۔ وقفہ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے قانون کے استحصال سے متعلق ایسے تمام مقدمات پر عدالتی نظر ثانی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کے خلاف اس قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ان کا دہشت گردی یا مخالف قوم سر گرمیوں سے کسی قسم کا تعلق نہیں ہے ۔ دہشت گردی کا جہاں پوری طاقت سے مقابلہ کرنا چاہئے وہیں اس بات میں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے کہ بے قصوروں کو غلط طور پر نہ پھنسایا جائے۔ محمد بشیر نے کہا کہ اس سیاہ غیر جمہوری قانون کی تنسیخ کے لئے ہمیں پابند ہونا چاہئے۔ منی پور سے تعلق رکھنے والے کانگریس ہی کے رکن ڈاکٹر توکچوم مینیا نے کہا کہ یو اے پی اے کے ساتھ ساتھ افسپا کو بھی برخاست کیاجانا چاہئے کیونکہ اس کے ذریعہ بھی بڑی تعداد میں بے قصور افرا د کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے یا ددلایا کہ نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نے بھی جموں و کشمیر کے لئے بحالی اعتماد سے متعلق کمیٹی کے صدر نشین کی حیثیت سے افسپا کی برخاستگی کی سفارش کی تھی۔ سی پی آئی ایم کے پی کروناکرن نے قومی دارالحکومت میں گرجاگھروں پر حملہ کا مسئلہ اٹھایا اور ان واقعات میں تحقیقات کی پیشرفت کے بارے میں جاننا چاہا ۔ ان ریاستوں کے کئی ارکان پارلیمنٹ نے ان مطالبات کی تائید کی ۔

MPs criticize AFSPA, UAPA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں