بہار - مانجھی اور نتیش کے درمیان مفاہمت کی کوششیں ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-08

بہار - مانجھی اور نتیش کے درمیان مفاہمت کی کوششیں ناکام

پٹنہ
پی ٹی آئی
جتن رام مانجھی اور ان کی پارٹی(جنتادل یو ) کے مابین سمجھوتے کی لمحہ آخر کی کوششیں بھی ناکام ہوگئیں اور چیف منسٹر نے ریاستی اسمبلی کی تحلیل کی سفارش کردی ، جسے یہاں کابینی وزراء کے اجلاس میں بھاری اکثریت سے مسترد کردیا گیا ۔ مانجھی کے علاوہ7وزراء، نے اسمبلی کی تحلیل کی جو تجویز کی حمایت کی ، جب کہ نتیش کمار کے حامی21وزراء نے اس کی مخالفت کی ۔ ریاستی وزیر فینانس وجیندر یادو نے یہاں نامہ نگاروں کو یہ بات بتائی ۔ اسمبلی کی تحلیل تجویز وزیر زراعت نریندر سنگھ نے یہاں وزراء کے اجلاس میں پیش کی تھی جس میں تمام29وزراء شریک تھے ۔ راجیور نجن سنگھ للن اور پی کے شاہی نے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی کیونکہ قبل ازیں دن میں گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی نے انہیں بحیثیت وزراء برطرف کرنے چیف منسٹر کی سفارش قبول نہیں کی ۔ وزیر تغذیہ شیام راجک نے جو نتیش کمار کے قریبی رفیق ہیں، نامہ نگاروں کو بتایا کہ مانجھی کے حامی جنہوں نے اسمبلی کی تحلیل کی تجویزکو منظور کیا ہے ، ان میں نریندر سنگھ، بریشن پٹیل، ونئے بہاری ، شاہد علی خان ، نتیش مشرا ، بھیم سنگھ اور مہا چندر پرساد سنگھ شامل ہیں ۔ کابینی اجلاس آج جتن مانجھی کی نتیش کمار کے ساتھ تقریباً دو گھنٹے طویل بات چیت کے بعد منعقد ہوا ۔ دونوں قائدین کی اس بات چیت کو جنتادل یو میں متحارب گروپس کے درمیان مفاہمت کی آخری لمحہ کی کوشش کے طور پر دیکھاجارہا ہے ۔ مانجھی نے جو پارٹی قیادت کے استعفیٰ دینے کی ہدایت کو ٹھکراتے رہے ہیں ، نتیش کمار کی قیامگاہ پہنچے جو ان کے رہنما ہوا کرتے تھے اور جن کے ساتھ اب ان کی رسہ کشی جاری ہے۔ نتیش کمار کی قیامگاہ پر منعقدہ اجلاس میں جنتادل یو صدر شرد یادو نے بھی شرکت کی۔ مانجھی کے حامی سینئر وزراء نریندر سنگھ اور برشن پٹیل بھی چیف منسٹر کے ساتھ ان کی کار میں سوار تھے۔ جنتادل یو کے ایک سینئر قائد نریندر سنگھ نے جو وزیر زراعت ہیں ، مفاہمت کی کوششیں شروع کی تھیں ۔ انہوں نے تقریباً11بجے دن نتیش کمار کی قیامگاہ کا دورہ کیا اور پھر چیف منسٹر کی قیامگاہ پہنچے جس کے بعد وہ ان کے ساتھ دوبارہ نتیش کمار کی قیامگاہ پہنچے۔۔ اسی دوران موصولہ آئی اے اینس کی اطلاع کے بموجب نتیش کمار کو آج بہار میں جنتادل یو پارٹی کا نیا لیجسلیچر پارٹی قائد منتخب کرلیا گیا ہے ۔ لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں پارٹی صدر شرد یادو نے بھی شرکت کی ۔ جنتادل یو کے ایک لیڈر نے بتایا115کے منجملہ تقریباً100جنتادل یو ارکارن اسمبلی نے میٹنگ میں شرکت کی اور نتیش کمار کو اپنا نیا لیڈر چن لیا ۔ شرد یادو نے یہ میٹنگ طلب کی تھی ۔ یہ میٹنگ اس لئے بھی اہمیت کی حامل ہے کیوں کہ مانجھی نے پارٹی کی ہدایت کے باوجود استعفیٰ دینے سے انکار کردیا ہے اور اتوار کو بہار اسمبلی کی تحلیل کی سفارش کی ہے ۔

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب بی جے پی نے آج جنتادل یو لیڈر نتیش کمار کو نشانہ تنقید بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ ایک مہا دلت کے ساتھ نا انصافی کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی بہار کی سیاسی صورتحال پر قریبی نظر رکھ رہی ہے ۔ ریاست کے سینئر قائدین نے یہاں پارٹی صدر امیت شاہ کے ساتھ ریاست کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ واضح رہے کہ جنتادل یو صد ر شرد یادو نے جتن رام مانجھی کو چیف منسٹر بہار کے عہدہ سے ہٹانے جنتادل یو لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں نتیش کمار کو قائد مقننہ چن لیا گیا تاہم مانجھی بغاوت پر اتر آئے اور انہوں نے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ امیت شاہ نے ریاست میں تازہ سیاسی صوتحال کا جائزہ لیا جہاں جنتادل یو نے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کے ساتھ تعلقات توڑ لیے تھے اور اب بی جے پی کو یہاں اقتدار پر قبضہ کرنے کی امید نظر آرہی ہے ۔ امیت شاہ نے بہار کے سابق دپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی سے ملاقات کی اور ان کے علاوہ ریاست کے دیگر قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ اس میٹنگ میں موجودہ دیگر افراد میں مرکزی وزراء دھرمیندر پردھان ، پارٹی جنرل سکریٹری بھوپیندر سنگھ اور سینئر پارٹی قائد نند کشور یادو نے شرکت کی۔ یادو نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم بہار کی صورتحال پر قریبی نظر رکھ رہے ہیں ۔ نتیش کمار نے ایک مہا دلت جتن مانجھی کے ساتھ نا انصافی کی ہے ۔ درایں اثناء تبدیل ہوتی ہوئی صورتحال پر پارٹی قائدین نے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ مانجھی کی دہلی میں بی جے پی قائدین سے ملاقات کا امکان ہے کیونکہ وہ آج پٹنہ سے روانہ ہوئے ہیں ۔ قبل ازیں دن میں سینئر مرکزی وزراء روی شنکر پرساد اور اننت کمار نے پارٹی آفس میں امیت شاہ سے ملاقات کی ۔ یادو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے بہار کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ پٹنہ میں جس اجلاس میں آج نتیش کمار کو منتخب کیا گیا اس میں جنتادل یو کے97ارکان اسمبلی نے شرکت کی ۔ قانون ساز کونسل کے41کے منجملہ37ارکان بھی شریک تھے ۔

Manjhi Meets Nitish Amid Efforts Of Reconciliation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں