بھاگوت کا مدر ٹریسا ریمارک - دیا مرزا اور میناکشی لیکھی میں ٹوئٹر جنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-26

بھاگوت کا مدر ٹریسا ریمارک - دیا مرزا اور میناکشی لیکھی میں ٹوئٹر جنگ

اداکارہ دیا مرزا اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی کے درمیان آج آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کے مدر ٹریسا سے متعلق تبصرہ کو بی جے پی لیڈر کی تائید پر لفظی تکرار ہوئی ۔ بھاگوت نے کہا تھا کہ غریبوں کے لئے مدر ٹریسا کی خدمت کا اصل مقصد ان کا مذہب تبدیل کر کے عیسائی بنانا تھا ۔ میناکشی لیکھی نے ادعا کیا کہ مدر ٹریسا نے خود ایک انٹر ویو میں اعتراف کیا تھا کہ ان کا کام لوگوں کو عیسائیت کے دائرہ میں شامل کرنا ہے ۔ دیر مرزا نے جن کے والد ایک کیتھولک عیسائی تھے، ٹویٹر پر بی جے پی لیڈر پر تنقید کی۔ 33سالہ اداکار نے ٹوئٹر پر کہا کہ میناکشی لیکھی آپ کو شرم آنی چاہئے ۔ آپ ایک ایسے بیان کی توثیق کررہی ہیں جس کی مذمت کی جانی چاہئے ۔ ان کے تبصرہ سے ٹویٹر پر دونوں کے درمیان لفظی جنگ شرو ع ہوگئی اور میناکشی لیکھی نے جواب دیا کہ حقائق کا سامنا کرنے اور سچ کو قبول کرنے کا حوصلہ نہ ہونے پر آپ کو شرم آنی چاہئے ۔ ادکارہ نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا سر شرم سے جھک گیا ہے ۔ میناکشی لیکھی کے خلاف دیا مرزا کے موقف پر ٹویٹر پر ان کی تعریف بھی کی گئی اور تنقید بھی ۔ ٹویٹر کے استعمال کنندہ نے دیا مرزا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی بیمار ذہنوں سے اور کیا توقع کی جاسکتی ہے ، آپ کا کردار ہی کیا ؟ جس پر دیا مرزا نے اس مسئلہ پر اپنا آخری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں بدکردار ہوں کیوں کہ میں سیکولر ہوں ، میرے والد کیتھولک تھے، میری ماں ب نگالی ہے میری پرورش میرے مسلم سوتیلے باپ نے کی اور میری شادی ایک ہندو سے ہوئی ہے میں ایک ہندوستانی ہوں ۔ اس دوران کولکتہ کے آرچ بشپ تھامس ڈیسوزا نے آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔

Controversy over Mother Teresa: Dia Mirza, Meenakshi Lekhi in war of words

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں