کجریوال کی آج بحیثیت وزیر اعلیٰ دہلی حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-14

کجریوال کی آج بحیثیت وزیر اعلیٰ دہلی حلف برداری

نئی دہلی
پی ٹی آئی
قائد عام آدمی پارٹی اروند کجریوال 14فروری کو صبح یہاں تاریخی رام لیلا میدان میں دہلی کے8ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا حلف لیں گے ۔ انہوں نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست فاش دیتے ہوئے اور کانگریس کا صفایا کرتے ہوئے تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کے قریبی با اعتماد رفیق منیش سسوڈیا کو ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف دلائیں جانے کا امکان ہے ۔ لیفٹنینٹ گورنر نجیب جنگ، اروند کجریوال اور دیگر5وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلائیں گے ۔ اے اے پی کے ایک اور لیڈر ستیندر جین کو بھی دوسری بار وزیر بنائے جانے کی توقع ہے ۔ پہلی بار رکن اسمبلی چنے گئے جتیندر تومر گوپال رائے، سندیپ کمار اور عاصم احمد خان کو بھی کابینہ میں شامل کئے جانے کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔ کجریوال نے ایک ریڈیو پیام کے ذریعہ پہلے ہی دہلی کے عوام کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دے دی ہے ۔ تین سال قبل رام لیلا میدان میں ہی انسداد رشوت ستانی مہم شروع کی گئی تھی ۔ سال گزشتہ وہ14فروری ہی کی تاریخ تھی جب کجریوال نے49روزہ حکمرانی کے بعد چیف منسٹری کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ شاہد رہ کے رکن اسمبلی رام نواس گوئل کو اسپیکر اسمبلی بنایاجاسکتا ہے ۔ حلقہ شالیمار باغ کی رکن اسمبلی بندنا کماری کو ڈپٹی اسپیکر بنایاجائے گا۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن (این ڈی ایم سی) نے تقریب حلف برداری کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ یہ تیاریاں دو روز قبل ہی شروع کردی گئی تھیں ۔ تقریب حلف برداری میں عوام کی کثیر تعداد کی شرکت متوقع ہے ۔ دہلی پولیس کے لگ بھگ 1200جوان سخت چوکسی برقرار رکھیں گے ۔ توقع ہے کہ حلف لینے کے بعد اروند کجریوال اپنی حکومت کی ترجیحات کا اظہار کریں گے ۔ انہوں نے پہلے ہی چیف سکریٹری ڈی ایم سپولیا سے خواہش کی ہے کہ اے اے پی کے70نکانی انتخابی منشور پر عمل آوری کے لئے روڈ میاپ کی تیاریاں شروع کردیں ۔ سرکاری ذرائع اور چیف سکریٹری نے تمام محکموں کو ہدایت دی ہے کہ70نکاتی انتخابی منشور پر عمل کے لئے علیحدہ علیحدہ روڈ میاپس تیار کریں ۔ ان محکمہ جات کے عہدیدار ، نئے چیف منسٹر کے سامنے مصرحہ نمائندگیاں پیش کرنے والے ہیں ۔ اے اے پی کے منشور میں برقی کی شرحوں میں50فیصد کمی ، سارے شہر میں وائی فائی سہولتوں کی فراہمی ، شہر میں10-15ل اکھ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ،2لاکھ عوامی بیت الخلاء کی تعمیر20نئے کالجوں کا قیام اور خانگی اسکولوں میں فیس میں باقاعدگی پید اکرنا شامل ہے ۔ اے اے پی نے دہلی کے ہسپتالوں میں مزید30ہزار بستروں کی فراہمی اور آئندہ5برسوں میں روز گار کے8لاکھ نئے مواقع کی فراہمی کا وعدہ بھی کیا ہے ۔ گزشتہ ماہ انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کجریوال نے اعلان کیا تھا کہ اے اے پی حکومت نہ صرف برقی شرحوں میں50فیصد کمی کرے گی بلکہ برقی سربراہ کرنے والی خانگی کمپنیوں کا تفصیلی آڈت کرائے گی۔ اس کی بنیاد پر برقی شرحوں پر نظر ثانی( میں کمی) کی جائے گی ۔ کجریوال نے کل وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کر کے انہیں تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی ۔ لیکن مودی نے مہاراشٹرا میں پہلے سے طے کردہ اپنی مصروفیات کی بنا پر کجریوال کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذوری ظاہر کی۔ کجریوال نے مرکزی وزرا راج ناتھ سنگھ اور ایم وینکیا نائیڈو کو بھی تقریب حلف برداری میں مدعو کیا ہے ۔ دہلی کے تمام7ارکان پارلیمنٹ کو بھی اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔

Arvind Kejriwal to take oath as Delhi CM today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں