معتمد خارجہ کو بات چیت کے لئے پاکستان روانہ کرنے کا فیصلہ - مودی کا نواز شریف کو فون - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-14

معتمد خارجہ کو بات چیت کے لئے پاکستان روانہ کرنے کا فیصلہ - مودی کا نواز شریف کو فون

اسلام آباد
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کو فون کیا۔ ان کے اس اقدام کو معطل سفارتی بات چیت کے احیاء کی کوشش کے طور پر دیکھاجارہا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے نواز شریف اور سارک ممالک کے دیگر سربراہان کو جو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لے رہے ہیں ، ٹیلی فون کیا اور ان مقابلوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ امریکی صدر بارک اوباما کی پاکستانی وزیر اعظم سے بات چیت کے چند ہی گھنٹوں بعد مودی نے نواز شریف کو فون کیا ۔ حکومت پاکستان کے ایک سینئر عہدیدار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ نواز شریف کو مودی کا فون اور معتمد خارجہ کو روانہ کرنے کا اعلان یہ ظاہر کرتا ہے کہ اب وہ آگے بڑھنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح طور پر حکومت ہند کو بتایا دیا تھا کہ ہم سب سے پہلے یہ چاہتے ہیں کہ بات چیت کا احیاء عمل میں آئے اور اس سلسلہ میں کوئی شرط نہ رکھی جائے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان کے اس موقف کو قبو ل کرلیا گیا ہے اور ہندوستانی معتمد خارجہ کے پاکستان کے دورہ کے موقع پر تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ نواز شریف کے دفتر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم مودی نے آج صبح نواز شریف کو فون کیا اور انہیں بتایا کہ ہندستانی معتمد خارجہ بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ بیان میں کہا گیا کہ سلام و آداب اور خوشگوار کلمات کے تبادلہ کے بعد وزیرا عظم مودی نے نواز شریف کو بتایا کہ ہندوستان کے نئے خارجہ سکریٹری بہت جلد تمام سارک ممالک کا دورہ کریں گے تاکہ تمام باہمی دلچسپی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیاجاسکے ۔ وزیر اعظم نے27مئی 2014کو ہندوستانی وزیر اعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کی یاد تازہ کی اور ہندوستانی معتمد خارجہ کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا تاکہ تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیاجاسکے ۔ جئے شنکر کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ ہندوستان نے گزشتہ سال اگست میں معتمد خارجہ سطح کی بات چیت منسوخ کردی تھی ۔ پاکستان کے اس وقت کے ہائی کمشنر متعینہ نئی دہلی نے ہند۔ پاک بات چیت سے عین قبل کشمیری علیحدگی پسندوں سے بات چیت کی تھی جس کے بعد معتمدین خارجہ کی بات چیت کو معطل کردیا گیا تھا ۔ ہندوستان کی جانب سے بات چیت معطل کئے جانے پر پاکستان نے کہا تھا کہ بات چیت کے احیاء کے لئے ہندوستان کو ہی پہل کرنی ہوگی ۔ پاکستان کے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ توقع کی جارہی ہے کہ صدر اوباما کے دورہ کے بعدہند۔ پاک تعلقات پر کچھ پیشرفت کی جائے گی ۔

Cricket diplomacy underway: PM Narendra Modi calls on Nawaz Sharif to revive bilateral talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں