ہم داعش کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے پرعزم - اردن شاہی فضائیہ سربراہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-10

ہم داعش کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے پرعزم - اردن شاہی فضائیہ سربراہ

عمان
یو این آئی
امریکہ کی قیادت میں گزشتہ سال ستمبر میں عراق اور شام میں فضائی حملوں کے آغاز کے بعد سے دولت اسلامی اپنی20فیصد فوجی صلاحیتیں کھو بیٹھی ہے۔ اردن کی شاہی فضائیہ کے سربراہ جنرل منصور الجبور نے اتوار کو عمان میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ اردن نے امریکہ کی قیادت میں کل فضائی حملوں میں سے20فیصد حملے کئے ہیں اور وہ ان میں عام شہریوں کے بچاؤ کے لئے احتیاط برت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’’ہم داعش کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے پرعزم ہیں۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ اتحادی طیاروں کے فضائی حملوں میں داعش کے7ہزار جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں ۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے یہ اعداد و شمار کہاں سے حاصل کئے ہیں ۔ شاہی فضائیہ کے سربراہ نے مزید بتایا کہ’’ اردن کے لڑاکا طیاروں نے گزشتہ تین روز میں چھپن فضائی حملے کئے ہیں اور شام کے شمال مشرقی علاقہ میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ ان فضائی حملوں میں داعش کے لاجسٹکس مراکز اور اسلحے کے ڈپوؤں کو تباہ کردیا گیا ہے ۔ ‘‘اتوار کو اردن کی جانب سے داعش پر کسی نئے حملے کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے یرغمال پائلٹ معاذ الکساسبہ کے داعش کے ہاتھوں اندوہناک قتل کا انتقام لینے کا اعلان کیا تھا اور انہوں نے اپنے فوجی کمانڈروں کو داعش کے خلاف امریکہ کی قیادت میں مہم میں زیادہ کردار کے لئے تیار رہنے کا حکم دیا تھا۔ شاہی دیوان کی جانب سے چہار شنبہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ’’شہید معاذ الکساسبہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ہمارے پیارے بیٹے کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے ، اس کے بعد اردن اور اس کی فوج کا رد عمل بہت سخت ہوگا۔‘‘ داعش کے جنگجوؤں نے اردن کے اس یرغمال پائلٹ کو گزشتہ منگل کو ایک پنجرے میں بند کر کے زندہ جلاد یا تھا۔اردن میں قبل ازیں داعش کے خلاف فضائی مہم میں شراکت کے حوالے سے اختلافات پائے جاتے تھے اور بہت سے اردنیوں نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ ان کا ملک اس جنگجو گروپ کے خلاف مہم میں کیوں شریک ہے لیکن پائلٹ معاذ الکساسبہ کے سفاکانہ قتل کے بعد سے یہ اختلاف کم و بیش ختم ہوگیا ہے ۔ تاہم بعض اردنی اب بھی اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں ۔ کہ یہ جنگجو گروپ اردن کے خلاف جوابی کارروائیاں کرسکتا ہے ۔

King of Jordan Determined To End ISIS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں