مصر میں فٹبال شائقین اور پولیس میں جھڑپیں - 30 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-10

مصر میں فٹبال شائقین اور پولیس میں جھڑپیں - 30 ہلاک

قاہرہ
پی ٹی آئی
مصر میں ایک فٹبال اسٹیڈیم میں بھگدڑ کے بعد شائقین اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم30افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ دریں اثناء پریمیئر لیگ معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق گزشتہ شام مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے ایک میاچ کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر30ہوچکی ہے جب کہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ تصادم مصری پریمیئر لیگ کے کلب زما لیک اور ای این پی پی آئی کے درمیان میاچ سے قبل ہوا ۔ یہ میاچ قاہرہ کے مشرقی حصہ میں فوج کے ملکیتی ایئر ڈیفنس اسٹیڈیم میں ہورہا تھا ۔ عینی شاہدین کے مطابق ہجوم زیادہ ہونے کی وجہ سے شائقین زبردستی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے جب کہ پولیس کی طرف سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی گئی اور شائقین کو منتشر کرنے ک لئے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا گیا ۔ مصر کے پبلک پراسیکیوٹر نے واقعہ کی فوری تحقیقات کے احکامات جاری کردئیے ہیں جب کہ وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مصری پریمئیر لیگ کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ مصری وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا جب زمالیک کلب کے حامیوں نے بغیر ٹکٹ کے اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے ۔ بیشتر ہلاکتیں پولیس کی جانب سے ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے استعمال کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی ہیں۔ اہلی بینک ہاسپٹل کے طبی ذرائع نے کہا کہ تصادم سے کم سے کم30افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ روزنامہ الاحرار کی ویب سائٹ کی اطلاع کے بموجب آنسو گیس کے شیل برسانے کے بعد دم گھٹنے اور بھگدڑ کی وجہ سے بیشتر افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔
مصر کی کابینہ نے تازہ سانحہ کے بعد غیر معینہ مدت کے لئے لیگ مقابلہ جات کو معطل کردیا ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق وہ زبردستی اندر اخل ہونا چاہتے تھے اور پولیس کے پاس انہیں روکنے کے علاوہ کوئی اور دوسرا راستہ موجود نہیں تھا۔ دوسری جانب شائقین نے اپنے کلبوں کے آفیشل فیس بک پیچ پر لکھا ہے کہ حکام نے اندر جانے کے لئے ایک بہت ہی تنگ راستہ کھولا تھا ، جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ شائقین کے مطابق تنگ راستہ کی وجہ سے ایک دوسرے کو دھکے دینے کا سلسلہ شروع ہوا اور پھر اچانک پولیس نے آنسو گیس کا استعمال شروع کردیا۔ مصر کی سیکوریٹی فورسس اور شائقین کے الٹرا نامی گروپ کے درمیان تعلقات 2011ء ہی سے کشیدہ ہیں ۔ اس وقت حسنی مبارک کے خلاف شروع ہونے والی بغاوت میں بھی فٹبال شائقین کے اس گروپ نے کلیدی کردار ادا کیا تھا ۔ مصر میں اس وجہ غم و غصہ پایاجاتا ہے کہ گزشتہ روز یہ واقعہ پیش آنے کے بعد بھی میاچ جاری رہا۔ قبل ازیں2012ء میں بھی اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا ، جس کے بعد ڈومیسٹک فٹبال لیگ پر دو سال کی پابندی عائد کردی تھی ۔ اس واقعے میں کم از کم74افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔

Soccer fans clash with the police in Cairo; at least 30 dead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں