جگن اور سرینواسن کے 232 کروڑ کے اثاثے قرق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-27

جگن اور سرینواسن کے 232 کروڑ کے اثاثے قرق

حیدرآباد
پی ٹی آئی
انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی اور انڈین کرکٹ بورڈ کے سابق صدر نشین این سرینواسن کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں دونوں کے232کروڑ روپے کے اثاثے قرق کرلئے ہیں ۔ جگن کے غیر محسوب اثاثوں کے مقدمہ کے تحت منی لانڈرنگ معاملہ کی بھی جانچ کی جارہی ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی نے انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے منیجنگ ڈائرکٹر انڈیا سمنٹ لمیٹیڈ این سرینواسن کی جانب سے ادا کی گئی رشوتوں کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ جگن کے والد وائی ایس راج شیکھر ریڈی جب اے پی کے چیف منسٹر تھے تو کئی خانگی سرمایہ داروں کو ان کی صنعتوں کے لئے حکومت نے مراعات فراہم کیں جس کے بدلہ میں سرمایہ داروں نے جگن کے کاروبار میں بھاری سرمایہ کاری کی تھی ۔ غیر محسوب اثاثوں کا مقدمہ اور اس کے ذیلی مقدمات ان ہی معاملات سے متعلق ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ نے اپنے تازہ احکام میں جگن کی ملکیت جنانی انفراسٹرکچر لمٹیڈ کے بیشمار پلاٹس قرق کرلئے۔ اس کے علاوہ انڈیا سمنٹس کے اے پی اور کرناٹک میں موجود پلاٹس کی بھی قرقی عمل میں لائی گئی۔ فکسڈ ڈپازٹس اور حصص یا شیرس بھی قرق کرلیے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی ایجنسی نے اس معاملہ میں قبل ازیں سی بی آئی کی داخل کردہ چارج شیٹ اور ایف آئی آر کا جائزہ لے کر یہ کارروائی انجام دی ۔ جگن سے منسوب مختلف مقدمات کی تحقیقات گزشتہ تین سال سے جاری ہیں جو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی مل جل کر انجام دے رہی ہیں۔ تازہ احکام کے تحت قرق کی گئی جائیدادوں کی مالیت232.38کروڑ روپے ہے۔ یہ احکام ایجنسی کے زونل دفتر نے کل شام جاری کئے۔ ایجنسی کی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ کارمل ایشیا ہولڈنگس پرائیویٹ لمٹیڈ ، جگتی پبلی کیشن لمٹیڈ ، بھارتی سیمنٹ کارپوریشن ، پرائیویٹ لمٹیڈ اور انڈین سمنٹس لمٹیڈ نے سرمایہ کاری کی شکل میں جو جگن کے کاروبار میں کی گئی، جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ مقدمہ میں داخل کردہ سی بی آئی کی چارج شیٹ کے بموجب انڈیا سمنٹس نے وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکومت سے حاصل کی گئیں مراعات کے بدلے جگن کی ملکیت مختلف کمپنیوں میں140کروڑ روپے تک سرمایہ کاری کی تھی ۔ بتایا گیا ہے کہ راج شیکھر ریڈی کی حکومت نے این سرینواسن کی سمینٹ کمپنیوں کو زمین اور دریائے کرشنا اور کاگنا ندی سے پانی فراہم کیا تھا ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ، جگن کے خلاف زیردوران منی لانڈرنگ مقدامت میں قبل ازیں ایک ہزار کروڑ روپے مالیت کی جائیداد قرق کرچکا ہے ۔ یہ جائیدادیں مختلف سرکاری عہدیداروں اور صنعتکاروں و سرمایہ داروں کی ہیں۔ جائیدادوں کی قرق کو ایکٹ سے متعلق مجاز اتھاریٹی کے پاس اندرون180دن چیالنج کیا جاسکتا ہے ۔

ED attaches Rs 232 crores worth property of Jagan, N Srinivasan in disproportionate assets case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں