مفتی سعید اتوار کو حلف لیں گے ۔ آج وزیراعظم مودی سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-27

مفتی سعید اتوار کو حلف لیں گے ۔ آج وزیراعظم مودی سے ملاقات

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پی ڈی پی اور بی جے پی نے اپنے اختلافات حل کرلئیے ہیں اور ایک اقل ترین مشترکہ پروگرام پر اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں جو جموں و کشمیر میں ان کی منفرد و مخلوط حکومت کی بنیاد ہوگا ۔ یہ حکومت اتوار کو دن کے گیارہ بجے حلف لے گی ۔ پی ڈی پی کے سرپرست و بانی مفتی محمد سعید جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے لئے آج شام دہلی پہنچ گئے ۔ یہ ملاقات ریاست کے چیف منسٹر کی حیثیت سے ان کی واپسی کے سلسلے میں قطعی اقدام ہے۔ وہ ایک اتحادی حکومت کے سربراہ ہوں گے اور پہلی مرتبہ بی جے پی اس حساس ریاست میں حکومت میں شامل ہوگی۔ مفتی محمد سعید نے دہلی میں اپنی آمد پر کہا کہ اقل ترین مشترکہ پروگرام سے اتفاق کیا گیا ہے اور وہ جمعہ کو وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے ۔ ریاست کو خصوصی موقف کا درجہ دینے والے آرٹیکل370 جیسے متنازعہ مسائل پر مفاہمت کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ میں مسائل پر بات نہیں کروں گا ۔ اقل ترین مشترکہ پروگرام سب کے سامنے لایا جائے گا اور ملک دیکھے گا کہ ہم کیا کررہے ہیں ۔ توقع ہے کہ مفتی سعید مودی کو جموں میں ہونے والی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے مدعو کریں گے ۔ اس دوران بی جے پی نے کہا ہے کہ قومی مفاد میں یہ مفاہمت ایک تاریخی لمحہ ہے ۔ سینئر بی ے پی لیڈر اور وزیر فینانس ارون جیٹلی نے راجیہ سبھا میں کہا کہ ریاست کے عوام نے جموں میں بی جے پی اور وادی میں پی ڈی پی کے لئے گرمجوشی سے ووٹ دیا ۔ اس دوران کانگریس نے پی ڈی پی کے ساتھ حکومت بنانے کے پس منظر میں بی جے پی سے آرٹیکل370 کے بارے میں اس کے موقف پر سوال کیا اور بی جے پی اور سنگھ پریوار کے قائدین کے فرقہ وارانہ بیانات کے بشمول مختلف مسائل پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ۔ کانگریس لیڈر جیوتر آدتیہ سندھیا نے صدر جمہوریہ کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے یہ بات کہی ۔

Mufti Mohammed Sayeed to be sworn in as CM on Sunday

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں