بنگلورو کے قریب ٹرین کا بھیانک حادثہ - 12 مسافر ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-14

بنگلورو کے قریب ٹرین کا بھیانک حادثہ - 12 مسافر ہلاک

Bangalore-Ernakulam-Express-Derails
بنگلورو
آئی اے این ایس
کرناٹک میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں بنگلورو ۔ ارناکلم انٹر سٹی ایکسپریس کے9ڈبے پٹری سے اتر جانے کے بھیانک حادثہ میں13مسافرین ہلاک اور25زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ آج صبح سات بج کر 35منٹ پر پیش آیا۔ اس وقت ٹرین انیکل اسٹیشن سے نکل کر سرحد ٹاملناڈو کے قریب ہسور کی طرف جارہی تھی ۔ بنگلورو میں ریلوے کے ایک عہدیدار نے مہلوکین کی تعداد5بتائی جب کہ مقام حادثہ پر دوسرے عہدیدار نے یہ تعداد10بتائی لیکن چیف منسٹر کیرالا اومن چنڈی نے کرناٹک کے ایک وزیر سے بات چیت کے بعد مہلوکین کی تعداد12بتائی ۔ حادثہ کے بعد2ڈبے ایک دوسرے میں گھس گئے تھے اور بچاؤ ٹیمیں ان دو ڈبوں سے نعشوں کو دیوانہ وار انداز میں نکال رہی تھیں ۔ حادثہ کے وقت اس ٹرین کی رفتار بہت تیز تھی ۔ ( اے ایف پی کی اطلاع کے بموجب بیدار گری علاقہ میں ریلوے لائن پر ایک بڑ اپتھر گرنے کے سبب یہ حادثہ پیش آیا) یہ ٹرین ، مین سٹی اسٹیشن سے صبح6بج کر15منٹ پر روانہ ہوئی تھی اور اس نے45کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا کہ کرناٹک، ٹاملناڈو سرحد پر انیکل روڈ اور ہسور ٹاؤن کے درمیان یہ حادثہ پیش آیا ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ریلیف فورس ٹیم، فوری مقام حادثہ پہنچ گئی ۔ زخمیوں کو انیکل اور ہسور میں خانگی اور سرکاری ہسپتالوں کو بعجلت منتقل کیا گیا۔ 10زخمیوں کی حالت تشویش ہے ۔ اومن چنڈی نے کرناٹک کے وزیر داخلہ کے جی جارج سے بھی فون پر بات چیت کی اور کوچی میں اخبار نویسوں کو بتایا کہ کیرالا کے وزیر برقی اے محمد کی زیر قیادت ایک ٹیم مقام حادثہ کے لئے روانہ ہوچکی ہے ۔ انیش نامی ایک مسافر نے فون پر کوچی میں میڈیا کو بتایا کہ امدادی اور بچاؤ ٹیم نے2ڈبوں کو کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا اور ہسپتال میں منتقل کیا ۔ایک اور مسافر سی میتھیو نے بتایا کہ انہوں نے3نعشیں دیکھی ہیں ۔ میتھیو نے مزید کہا کہ’’ڈبہD-8بری طرح تباہ ہوا ہے ۔ ایک خاتون اور دو مردوں کی نعشیں میں نے اس ڈبہ میں دیکھی ہیں۔ حادثہ کے ایک گھنٹہ بعد پ ولیس اور ایمبولینس یہاں پہنچی ۔ عہدیداروں نے پٹری سے ڈبوں کے اترنے کی وجہ کی وضاحت نہیں کی ۔ سدرن ریلوے نے بنگلورو اسٹیشن پر اور مقام حادثہ پر زخمیوں اور پھنسے ہوئے مسافرین کی مدد کے لئے کاؤنٹر قائم کئے ہیں۔ پھنسے ہوئے مسافرین کو انیکل اور ہنسور منتقل کرنے یا پھر بنگلورو کو واپس بھیج دینے یا براہ ٹاملناڈو ارونا کلم( کیرالا) کی جانب سفر جاری رکھنے کے لئے ریلویز نے خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے ۔ ایک ریلوے عہدیدار نے بتایاکہ ریلوے لائن صاف ہونے کے بعد ہم ایک خصوصی ٹرین چلانے کا منصوبہ بنارہے ہیں ۔

12 Dead as Bangalore-Ernakulam Express Derails

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں