قطر کی جانب سے دہشتگردی - مصر کا الزام جی سی سی نے مسترد کیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-20

قطر کی جانب سے دہشتگردی - مصر کا الزام جی سی سی نے مسترد کیا

ریاض / دوحہ
سعودی پریس ایجنسی
عرب لیگ میں متعین مصر کے سفیر نے الزام لگایا ہے کہ قطر دہشت گردی کی سرپرستی کررہا ہے ۔ جی سی سی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے مصر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقائق کے منافی غلط الزامات ہیں اور مصری عہدیدار نے مختلف سطحوں پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے انسداد کے لئے عرب اور جی سی سی ممالک کے شانہ بشانہ قطر کی مخلصانہ مساعی کو نظر انداز کردیا ہے ۔ قطر عرب اور عالمی تنظیموں و پروگراموں میں مشترکہ عرب جدو جہد کا ساتھ دے رہا ہے ۔ الزیانی نے یہ بھی کہا کہ اس قسم کے بیانات سے عرب اتحاد و اتفاق کی بنیادیں راسخ کرنے میں مدد نہیں ملے گی ۔ عرب دنیا کو بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے یہ چیلنج عربوں کے امن، استحکام اور خو د مختاری کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں ۔ اسی دوران الحیاط اخبار سے گفتگوکرتے ہوئے قطر کے وزیر خارجہ خالد العطیہ نے کہا کہ ہم الاخوان کی پشت پناہی نہیں کررہے ہیں ۔ خلیجی ممالک کے درمیان اختلافات ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔ خلیجی اتحاد ہمارا خواب ہے حوثیوں کے حوالے سے ہم سب کا موقف ایک ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ گلف یونین کے قیام سے متعلق شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کا پروگرام زندہ ہے ۔ خلیجی ممالک کنفیڈریشن یا فیڈریشن کے قیام کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ العطیہ نے کہا کہ ابلاغ تاجر قطر کے خلاف زبردست مہم چلائے ہوئے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے تجارتی مفادات سیاسی مفادات سے جڑے ہوئے ہیں۔ العطیہ نے واضح کیا کہ قطر کے خلاف ابلاغی مہم چلانے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ امریکہ نے اس حوالے سے قطر کو کسی طرح کا کوئی انتباہ دیا ہے وہ غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں ۔ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ امریکہ قطر کا اسٹراٹیجک حلیف ہے ۔

GCC rejects Egypt's accusations against Qatar but still supports Al-Sisi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں