دہلی میں ایک عیسائی اسکول پر حملہ - وزیراعظم نے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-14

دہلی میں ایک عیسائی اسکول پر حملہ - وزیراعظم نے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی

نئی دہلی
یو این آئی
جنوبی دہلی کے فیشن ایبل علاقہ وسنت وہار میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں نامعلوم افراد نے ایک عیسائی اسکول(ہولی چائلڈ آگزیلیم) پر حملہ کردیا ۔ اس طرح اقلیتی اداروں کی سلامتی کے مسئلہ پر تشویش بڑھ گئی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس معاملہ میں راست مداخلت کرتے ہوئے پولیس کمشنر دہلی بی ایس بسی کو طلب کیا اور جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں اسکول میں توڑ پھوڑ مچائی ۔ یہ اشرار پرنسپال کے دفتر کا دروازہ توڑ نے کے بعد اندر گھس آئے تھے ۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ ان شر پسندوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی ناکارہ بنادیا اور وائروں کو نقصان پہنچایا۔ اسکول کے عطیات ڈبوں سے لگ بھگ8ہزار روپے رقم کا سرقہ کرلیا ۔ اس اسکول کو اب بند کردیا گیا ہے اور بچوں کو ایک دن کے لئے گھربھیج دیا گیا ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ گزشتہ ایک سال میں کسی عیسائی ادارہ پر یہ اپنی نوعیت کا چھٹا حملہ تھا ۔ وزیرا عظم نے دہلی پولیس کمشنر کو طلب کرکے انہیں ہدیات دی کہ وہ ایسے واقعات کو ٹالنے اور اشرار کو کیفر کردار تک پہنچانے سخت اقدامات شرو ع کریں ۔ انہوں نے دہلی میں جرائم کی بڑھتی شرح پر گہری تشویش کا اظہار اور کمشنر پولیس سے خواہش کی کہ وہ غنڈہ گردی کے حالیہ واقعات کی عاجلانہ تحقیقات کریں ۔ اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ مودی نے مرکزی معتمد داخلہ ایل سی گوئل سے بھی فون پر بات چیت کی اور انہیں ہدایت دی کہ جرائم اور غنڈہ گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے انسداد پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ دہلی میں خواتین کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں ۔ پولیس کمشنر نے آج کے واقعہ کر سرقہ کا کیس قرار دیا اور کہا کہ’’ہماری تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ سرقہ کا ایک کیس ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیجس سے بھی ان کا انکشاف ہوتا ہے ۔ تحقیقات جاری ہے ۔ دریں اثناء نامزد چیف منسٹر اروند کجریوال نے حملہ کی پرزور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسی حرکات کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے جو خود بھی اسی اسکول کی طالبہ رہی تھیں ، آج سہ پہر اس اسکول کا دورہ کیا اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے بھی بات چیت کی ۔ وسنت وہار پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے ۔

Christian school vandalism: PM Modi summons Delhi police chief, orders strict action

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں