سوشل میڈیا کے ذریعہ حکومت کی اسکیمات کی تشہیر پر زور - مرکزی وزیر ارون جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-03

سوشل میڈیا کے ذریعہ حکومت کی اسکیمات کی تشہیر پر زور - مرکزی وزیر ارون جیٹلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ذرائع ابلاغ کے توسط سے حکومت اور عوام کے درمیان تعلق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات ارون جیٹلی نے آج کہا کہ ایسے افراد جو ذرائع ابلاغ سے نمٹنے کا طریقہ نہیں جانتے وہ بھی آگے بڑھ سکتے ہیں اور سرکاری عہدیداروں کے ذریعہ حقیقی اطلاعات عوام تک رسائی کو یقینی بناسکتے ہیں ۔ وزراء کی ٹیم میں ہر کوئی یکساں طور پر میڈیا سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتے پھر بھی وہ میڈیا میں رہتے ہیں، یہ اس لئے ہوتا ہے کہ ہم سب کا ذرائع ابلاغ سے ہی تعلق ہوتا ہے ۔ ہم میڈیا کے ذریعہ ہی ایک دوسرے سے تعلق پیدا کرتے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے سرکاری عہدیداروں کو سرکاری اسکیمات پر مبنی اطلاعات کو ذرائع ابلاغ کے ذریعہ کھلے اور موثر طریقہ سے عوام میں پیش کرنے کے لئے منعقدہ ایک خصوصی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ارون جیٹلی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ جیٹلی نے عہدیداروں سے کہا کہ پروپیگنڈہ کرنا آپ کا کام نہیں ہے ۔ میں اپنے میدان عمل میں یہ کام کرسکتا ہوں لیکن آپ نہیں کرسکتے ۔ اس لئے آپ کا حقیقی کام یہ ہے کہ حکومت سے متعلق اطلاعات کو باہر پہنچائیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیغام رسائی اور حکومت کی کارکردگی میں سیاسی قائدین اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ اگر کوئی اپنے آپ کو خول میں بند رکھے وہ اسے حاصل ہونے والے موقع اور اس کی بڑی اہمیت کو ضائع کررہا ہے۔ اس لئے ہر کسی کو اپنے وجود کا احساس دلانا چاہئے اور ذرائع ابلاغ کا سامنا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین کو سامنے آکر اپنے وجود کو منوانا چاہئے ۔ جیٹلی نے کہا کہ دفتریت بھی حقیقی اطلاعات کی اشاعت میں اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عہدیداروں کو ان کے اپنے دائر اختیار میں رہ کر میڈیا کا سامنا کرنا دقت کا باعث ہوتا ہے لیکن وہ حکومت کی جانب سے انجام دئیے گئے کاموں کی اطلاع میڈیا کے ذریعہ عوام تک پہنچاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عہدیداروں کے ذریعہ فراہم کردہ اطلاعات کو میڈیا کے اہم اوقات میں شامل نہیں کیاجاتا لیکن ان کی فراہم کردہ اطلاعات مختلف ذرائع ابلاغ کے ذریعہ افراد تک رسائی حاصل کرلیتی ہے ۔ جیٹلی نے کہا کہ تکنیک نے مواصلات کی دنیا بدل کر رکھ دی ہے۔ اپنی وسیع پہنچ کے سبب مستقبل ڈجیٹل میڈیا کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 24گھنٹے دستیاب چینلوں کے چیلنج کے سبب خبریں نشر کرنے کے طریقوں میں بھی تبدیلی آئی ہے۔
مواصلاتی ذرائع کی بدلتی دنیا میں حکومت کی بات چیت کی مطابقت اور اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کے پاس قابل اعتبار ، درست اور قارئین کی مناسبت سے اطلاعات پہنچانے کا سنہرا موقع ملا ہے۔ ایک بہت بڑا طبقہ اب بھی ایسا ہے جس کو حکومت سے قابل اعتبار اطلاع درکار ہے اور اس کے لئے جدید ذرائع کا استعمال کیاجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں اطلاعات کو نشر کرنے کے لئے اپنی ویب سائٹ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہئے۔ اس کی زبان ایسی ہونی چاہئے کہ قاری بہ آسانی سمجھ سکے ۔ ارون جیٹلی نے ساتھ ہی ٹوئیٹر ، بلاگ اور فیس بک جیسی سوشیل میڈیا کی ویب سائٹوں کے استعمال پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات جناب راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے اپنی تقریر میں کہا کہ مواصلات کا موجودہ زاویہ نظر، نظریات کی تیز رفتاری ، معتبریت ، بہادری اور شفافیت سے عبارت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دعوے دواروں کے ایک بڑے حلقے تک رسائی میں اضافے کے لئے مواصلات کے طریقوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال ضروری ہے۔ ورکشاپ سے وزارت کے سکریٹری ومل جلکا، پی آئی بی کے ڈائرکٹر جنرل فرینک نرونہا نے بھی خطاب کیا۔
چتردرگ
یو این آئی
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ بی جے پی سیکولر ازم میں یقین رکھتی ہے اور یہ عمل انتہائی بدبختانہ ہے کہ امریکی صدر بارک اوباما نے اپنے حالیہ دورہ ہند کے موقع پر اپنی وداعی تقریر میں کہا ہے کہ ہندوستان کو مذہبی خطوط پر منتشر نہیں ہونا چاہئے۔ راج ناتھ سنگھ نے یہاں ترلابالو مٹھ میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گھر واپسی جیسی سر گرمیوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں اور بی جے پی ایسی کسی سر گرمی کا حصہ نہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کا یہ کٹر ایقان ہے کہ سیکولرازم باقی رہنا چاہئے اور وہ اس کی برقراری کی پابند ہے ۔ حکومت، کسی بھی قیمت پر گھر واپسی جیسی سر گرمیوں میں کسی گروپ یا شخص کے ملوث ہونے کی اجازت نہیں دے گی ۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ وہ اوباما کی تقریر سے مایوس ہوئے ہیں ، جس میں انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان کو ترقی کرنا ہے تو یہاں کے عوام کو مذہبی خطوط پر منقسم نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حوالہ واقعی بدبختانہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کسی بھی قیمت پر کسی گروپ یا شخص کی ایسی سر گرمیوں کو قبول نہیں کرے گی ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کے بر سر اقتدار آنے کے بعد ملک کی معیشت میں قابل لحاظ بہتری آئی ہے ۔ جب کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کے ذخائر میں کئی گنااضافہ ہوا ہے۔ مرکزی حکومت نے دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ بہتر سفارتی تعلقات کی برقراری کے لئے اقدامات کیے ہیں ۔ ہم پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدی تنازعات ، دہشت گردی اور ملک کی داخلی سلامتی جیسے پیچیدہ مسائل حل کرنے کے اہل ہیں ۔ دہلی میں مجوزہ اسمبلی انتخابات کے بارے میں مرکزی وزیر نے کہا کہ بی جے پی کو بھاری اکثریت سے کامیابی کا یقین ہے ۔ وہ اپنی کامیابی کو یقینی بنانے منظم انداز میں انتخابی مہم چلارہی ہے ۔ عوام، بی جے پی کے حامی ہیں کیونکہ وہ واضح ترقیاتی منصوبے رکھتی ہے۔

Dealing with media: Arun Jaitley briefs his ministers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں