کرکٹ ورلڈ کپ - ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 130 رن سے ہرا دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-23

کرکٹ ورلڈ کپ - ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 130 رن سے ہرا دیا

ٹیم انڈیا کی ورلڈ کپ مقابلوں میں افریقی ٹیم پر پہلی جیت ۔ میان آف دی میاچ شکھر دھون کی شاندار سنچری

اوپنر شکھر دھون (137) کی لاجواب اننگز‘ اجنکیا رہانے کے تیز رفتار 79 رن اور بولروں کی بااثر کارکردگی کی بدولت دفاعی چمپئن ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ میں کوئی مقابلہ نہ جیت پانے کا تعطل شاہی انداز میں توڑتے ہوئے پول بی کے میاچ میں آج 130 رن کے زبردست فرق سے جیت درج کر کے شائقین کو خوشی منانے کا موقع فراہم کیا۔ ہندوستان نے شکھر کی ریکارڈ اننگزاور وریاٹ کوہلی( 46) اور رہانے کے ساتھ 2 مفید رفاقتوں کے ذریعہ مقررہ 50 اوورس میں 7 وکٹ پر 307 رن کا مضبوط اسکور بنا کر حریف ٹیم پر ایسا دباؤ ڈالا جس سے وہ آخر تک نکل نہیں پائی۔ جواب میں جنوبی افریقہ نے 40.2 اوورس میں 177 رن پرگھٹنے ٹیک دئیے۔ہندوستان نے اس طرح ٹورنمنٹ میں مسلسل دوسری اور جنوبی افریقہ کے خلاف رن کے اعتبار سے تیسری سب سے بڑی فتح حاصل کی۔ ٹیم انڈیا نے اس جیت کے ساتھ عالمی کپ کی تاریخ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کوئی میاچ نہ جیت پانے کا سلسلہ بھی ختم کردیا۔ ہندوستان اس سے پہلے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ سے 3 بار کھیلا تھا اورتینوں ہی بار شکست ہوئی تھی لیکن اس بار کپتان مہندر سنگھ دھونی کے جانبازوں نے کمال کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقی شیروں کو دھول چٹا دی۔ 146 گیندوں میں 16 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی بہترین اور ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف سب سے زیادہ انفرادی اننگز کھیلنے والے شکھر کو ان کے اس کارکردگی کیلئے میان آف دی میاچ قرار دیا گیا۔ آف اسپنر روی چندرن اشون نے 41 رن کے عوض3 وکٹ ‘محمد سمیع احمد نے 30 رن پر 2 وکٹ اور موہت شرما نے 31 رن دے کر وکٹ لے کر خطاب کی مضبوط دعویدار مانی جارہی جنوبی افریقہ کو شرمناک شکست کا سامنا کرنے کیلئے مجبور کر دیا۔ بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی شروعات خراب رہی اور اوپنر کائنٹن ڈی کاک 7 اور ہاشم آملہ (22) ٹیم کے 40 کے اسکور تک آؤٹ ہوگئے۔ فاف ڈو پلیسس (55) اورکپتان اے بی ڈیولیرس (30) نے تیسری وکٹ کیلئے 68 رن جوڑ کراننگز سنبھالنے کی کوشش کی لیکن موہت شرما کے بہترین تھرو پردھونی نے جیسے ہی ڈیولیرس کو رن آؤٹ کیا‘ جنوبی افریقہ کی اننگز کا زوال ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔ جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ 23 ویں اوور میں 108 کے اسکورپر گری اور اس کے بعد ساری ٹیم 40.2 اوورس میں 177 رن پر سمٹ گئی۔ ڈو پلیسس چوتھے بیاٹسمن کے طور پر 133 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 71 گیندوں پر 55 رن میں 5 چوکے لگائے جبکہ ڈیولیرس نے 38 گیندوں پر 30 رن میں 3 چوکے لگائے۔ ڈیوڈ ملر 22 رن بنا کر امیش یادو کے ایک بہترین تھرو پردھونی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ آف اسپنر اشون نے جے پی ڈو منی (6)‘ ورنون فلینڈر (صفر) اور مورن مورکل (2) کی وکٹ لے کرجنوبی افریقہ کے نچلے آرڈر کی کمر توڑ دی۔ موہت نے سلامی بیاٹسمن آملہ اور ڈو پلیسس کو نمٹا یا جبکہ سمیع نے ڈی کاک اور ڈیل اسٹین کے وکٹ لئے۔ رویندر جڈیجہ نے عمران طاہر (9) کو ایل بی ڈبلیو کر کے جنوبی افریقہ کی اننگز کو نمٹا دیا۔ وین پرنیل 17 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو جس طرح زمین بوس کیا اس کی کسی کو امید نہیں تھی۔ جس مقابلہ کو ہندوستانی بیاٹنگ اور جنوبی افریقی فاسٹ بولنگ کا مقابلہ بتایا جارہا تھا‘ اسے دھونی کی ٹیم نے یک طرفہ بنا دیا۔ اس سے قبل پول بی کے اس اہم مقابلے میں مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ ٹیم نے ان کی توقعات کے مطابق کارکردگی پیش کرتے ہوئے 50 اورس میں 7 وکٹ پر 307 کا اطمینان بخش اسکور بنایا۔ دھون نے میاچ میں بہترین 146 گیندوں پر 16 چوکوں اور 2 چھکو ں کی مدد سے 137 رنوں کی اننگز کھیلی جو ایک روزہ میاچ میں ان کی ساتویں سنچری رہی۔ونڈے میں ان کا یہ اعظم ترین انفرادی اسکور بھی رہا۔ دھون کے علاوہ کوہلی رہانے ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ اوپنر روہت شرما صفر ‘ سریش رائنا6‘ دھونی18 اور جڈیجہ نے 2 رن بنائے۔ دھونی نے اپنی اننگز میں 11 گیندوں پر 3 چوکے لگاکر آخری اوورس میں اہم رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے خطرناک تصور کئے جانے والے تیز بولر ڈیل اسٹین کی ہندوستانی بیاٹسمنوں نے کافی پٹائی کی۔ اسٹین کو 10 اوورس میں 55رن کے عوض بمشکل ایک وکٹ ملی۔ مورنے مورکل نے 10 اوورس میں 59 رن دے کر2‘ عمران طاہر نے 10 اوورس میں 48 رن اور پرنیل نے 9 اوورس میں 85 رن دے کر فی کس ایک وکٹ لی۔ اچھے فام میں موجود دھون نے مسلسل دوسرے اور اہم میاچ میں رن کی رفتار جاری رکھتے ہوئے سنچری بنائی اس کے ساتھ ہی دھون ہندوستان کے تیسرے بیاٹسمن بھی بن گئے جنہوں نے اپنے عالمی کپ کے ابتدائی میاچس میں ایک کے بعد ایک 50 سے زائد رن بنائے۔ ایسا کرنے والے کھلاڑیوں میں سچن تنڈولکر اور سورو گنگولی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دھون کی 137 رن کی اننگز جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈکپ میں کسی بھی بیاٹسمن کی جانب سے اعظم ترین انفرادی اسکور بھی ہے۔ 2003 کے عالمی کپ میں اسٹیفن فلیمنگ نے 134 ناٹ آؤٹ کا اسکور جنوبی افریقہ کے خلاف بنایا تھا۔ 29 سالہ بیاٹسمن نے 70 گیندوں پر 50 اور پھر 122 گیندوں پر اپنے 100 رن مکمل کئے۔ حالانکہ اوپنر روہت شرما نے ایک بار پھر مایوس کیا اور محض 9 کے اسکور پر دوسرے ہی اوور میں ڈیویلیئرس کے راست تھرو پر رن آوٹ ہوگئے لیکن اس کے بعد دھون اور کوہلی نے محتاط انداز میں کھیلنا شروع کیا اور دوسری وکٹ کیلئے 127 رن کی اہم پارٹنرشپ نبھائی۔ اس کے بعد دھون نے چوتھے نمبر پر آئے رہانے کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 125 رن کی عمدہ شراکت داری کی۔ کوہلی 27 ویں اوور میں 136 کے مجموعی اسکور پر دوسرے بیاٹسمن کی شکل میں عمران کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ بہرحال رہانے نے بہترین اننگز کھیلی اور 60 گیندوں پر 7 چوکوں اور3 چھکے لگاکر 79 رن بنائے۔ رہانے کی یہ نویں نصف سنچری رہی۔ انہوں نے کافی جارحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 50 رن مکمل کئے۔ اس دوران اپنی ٹیم کی اننگز کو کافی مستحکم حالت میں پہنچا چکے دھون کو 261 کے انفرادی اسکور پر پرنیل نے ہاشم آملہ کے ہاتھوں کیاچ کراکر تیسرے بیاٹسمن کی شکل میں آؤٹ کیا۔ اس کے بعد رائنا جلد ہی اپنا وکٹ گنوا بیٹھے اور صرف 6 رن بناسکے۔ رائنا کے بعد رہانے بھی تیز کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔ اسٹین کی ایک گیند پر انہوں نے آسان کیاچ دے دیا۔ ہندوستان کو اب بھی 300 کے اسکور کے پار پہنچنے کیلئے 22 رن کی ضرورت تھی۔ کپتان دھونی نے اس مرحلہ پر11 گیندوں میں مسلسل 3 چوکے لگائے اور18 رن کا اہم تعاون دے کر اسکور کو 300 کے پار پہنچانے میں مدد دی۔ دھونی کو مورکل نے ڈی کاک کی مدد سے آسانی سے آؤٹ کیا اور ساتویں بیاٹسمن کی شکل میں پویلین بھیجا۔ جڈیجہ کو ڈیویلیئر س نے رن آؤٹ کیا جبکہ اشون 5 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

Cricket World Cup 2015: India crush South Africa in Melbourne

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں