ملک بھر میں سوائن فلو سے 812 اموات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-23

ملک بھر میں سوائن فلو سے 812 اموات

نئی دہلی؍ سری نگر
پی ٹی آئی
ملک میں سوائن فلو سے مزید38افرادفوت ہونے کے بعد وائرس سے تا حال جملہ اموات800سے تجاوز کرچکی ہیں جبکہ وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 13ہزار تک پہنچ گئی ۔ وزارت صحت کی جانب سے دئیے گئے اعداد و شمار کے مطابق22فروری تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد812اور متاثرین کی تعداد13,688ہوگئی ہے ۔ مہاراشٹرا اور راجستھان میں آج7,7افراد اس کا شکار بن گئے۔ مہاراشٹرا میں تازہ اموات کے بعد99اور راجستھان میں مرنے والوں کی تعداد212ہوگئی ہے ۔ وادی کشمیر میں محکمہ صحت کے اعلی عہدیداروں نے آج اعتراف کیا کہ علاقہ کے کسی بھی ہاسپٹل میں سوائن فلو سے نمٹنے کی ویاکسن دستیاب نہیں ہے ۔ وادی میں تا حال اس وائرس سے5افراد ہلاک ہوگئے اورکم از کم109زیرعلاج ہیں ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ بڑے پیمانے پر انسداد کی ٹیکہ اندازی کی ضرورت نہیں لیکن متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرس اور طبی عملہ جوکھم سے دوچار ہے اور انہیں ویاکسن دینا ضروری ہے۔ وادی میں کہیں بھیH1N1وائرس کے انسداد کا ویاکسن دستیاب نہیں ہے۔ ڈائرکٹر محکمہ صحت سلیم الرحمن نے بتایا کہ محکمہ یہ ویاکسن حاصل کرنے کی کوشش کررہاہے لیکن یہ دستیاب نہیں ہے ۔ سپلائرس سے ربط پیدا کرنے پر اندازہ ہوا کہ اس کا ذخیر ہ ختم ہوچکا ہے ۔ اب کھلے بازار سے اسے حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کشمیر کے سری نگر میں ایک اور مریض چل بسا جس کے بعد یہاں مرنے والوں کی تعداد5ہوگئی ۔ڈاکٹر فاروق کے مطابق زیرعلاج مریض کی کل رات موت واقع ہوگئی ۔ تا حال119افراد متاثر پائے گئے جبکہ کئی دیگر افراد کے طبی معائنے کئے جارہے ہیں ۔ اسی دوران اڈیشہ میں ایک اور شخص سوائن فلو سے فوت ہوگیا جس کے بعد اس سے مرنے والوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔ دہرادون سے ملی اطلاع میں کہ اگیا کہ اترا کھنڈ میں3افراد وائرس سے فوت ہوگئے جب کہ 14مزید متاثٖر پائے گئے ۔ ریاست میں جملہ64افراد اس مرض کے لئے زیر علاج ہیں ۔ کولکتہ میں ڈھائی سال کی لڑکی فوت ہوگئی جس کے بعد مغربی بنگال میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد4ہوگئی۔ دو دن قبل ہی یہاں ایک آٹھ سال کا بچہ ابو ریحان کی موت ہوگئی تھی ۔ راجستھان میں صورتحال سنگین ہے جہاں سوائن فلو نے مزید7افراد کی جان لے لی ۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی سوریکانت ویاس بھی اس سے متاثر پائے گئے ۔ ریاست میں4318مریضوں میںH1N1وائرس پائے گئے جن میں یکم جنوری سے تا حال212افراد لقمہ اجل بن چکے ہین ۔ سب سے زیادہ 36اموات جئے پور میں ہوئیں ۔ اجمیر میں27، جودھ پور میں26، ناگور میں 21، بارمر میں17، کوٹا میں11اور دیگر شہروں میں ماباقی ، اموات ہوئیں ۔ ناگالینڈ میں وبائی مرض پھیل رہا ہے جہاں مزید4افراد اس سے متاثرہونے کی توثیق ہوئی ہے ۔ اتر پردیش میں لکھنو سب سے زیادہ متاثر ہے۔ جہاں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران مزید51افراد کے اس سے متاثر ہونے کی اطلاع ملی ۔ ریاست میں تا حال9اموات ہوئیں جب کہ متاثرین کی تعداد250ہے۔

Swine Flu Claims 38 More Lives in India, Total Death Toll 812

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں