وجئےواڑہ - سی پی ایم متبادل سیکولر محاذ کی تشکیل کی قیادت کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-09

وجئےواڑہ - سی پی ایم متبادل سیکولر محاذ کی تشکیل کی قیادت کرے گی

وجئے واڑہ
پی ٹی آئی
سینئر سی پی ایم قائد ستیا رام یچوری نے آج کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدو جہد کرنے موجودہ سیاسی منظر میں وقت کی ضرورت ہے کہ سیکولر اور جمہوری محاذ تشکیل دیاجائے ۔ آندھراپردیش یونٹ کے دو روزہ چوٹی اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سی پی ایم پولٹ بیورورکن نے کہا کہ سی پی ایم، متبادل جمہوری سیکولر فرنٹ تشکیل دینے میں قیادت کرے گی ۔ اپنے خطاب میں یچوری نے مرکزی این ڈی اے حکومت پر عوام مخالف پالیسیوں کو ا پنانے ، خانگیانے کی حوصلہ افزائی ، راست بیرانی سرمایہ کاری ، عوامی شعبہ میں سرمایہ نکاسی کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے سیاسی، معاشی اور سماجی شعبوں میں بحران پیدا ہوگیا ہے ۔ یچوری نے بی جے پی اور اس کی نظریہ ساز آر ایس ایس پر الزام لگایا کہ وہ ان مسائل سے توجہ ہٹانے فرقہ وارانہ تشدد کو بھڑکارہے ہیں ۔ دہلی کے اسمبلی انتخابات جو کل منعقد ہوئے جس میں اروند کجریوال کی زیر قیادت عام آدمی پارٹی کی کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے کا حوالہ دیتے ہوئے یچوری نے کہا کہ رائے دہی رجحان بتاتے ہیں کہ عوام میں این ڈی اے حکومت کے مخالف احساسات پیدا ہوئے ہیں ۔ این ڈی اے حکومت کے9ماہ میں ہی عوام متاثر ہوئے ہیں اور مودی کی کارکردگی کو سمجھ گئے ہیں۔انتخابی اصلاحات پر آواز اٹھاتے ہوئے یچوری نے کہا کہ انتخابات میں طاقت اور رقم کا چلن ختم کرنا ناگزیر ہے ۔ یچوری نے کہا کہ دہلی انتخابات میں بی جے پی نے اشتہارات اور رائے دہندوں کو لبھانے رقم کا بے دریغ استعمال کیا۔ رقم خرچ کرنے کے رجحان سے جمہوری جذبہ کو نقصان پہنچے گا ۔ رقم کی طاقت اور جمہوریت کے تحفظ کا واحد حل مناسب نمائندگی ہے ۔ انہوں نے امریکی صدر بارک اوباما کے حالیہ دورہ سے متعلق کہا کہ اس کا مقصد اس ملک کا ہی فائدہ ہے ۔ یچوری نے کہا کہ امریکہ کو2008سے مالیاتی بحران کا سامنا ہے اور وہ اس سے باہر نہیں آسکتا۔
اوباما نے اپنے ملک کو بچانے ہندوستان کا دورہ کیا۔ ان کے دورہ کا مقصد ہمارے ملک میں ان کے سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے تقریباً تمام شعبوں میں راست بیرانی سرمایہ کاری کی اجازت دی ۔ امریکہ کے ساتھ معاہدہ میں زرعی شعبہ بھی شامل ہے ۔ مودی کی ان کارروائیوں سے قوم کے مفادات کو نقصان پہنچے گا ۔ سیتا رام یچوری نے کہا کہ ان کی پارٹی آنے والے بجٹ سیشن میں راجیہ سبھا میں زیر تصفیہ بلوں کی منظوری کی ضمانت نہیں دے سکتی۔ این ڈی اے نے مخالف عوام بلوں کو متعارف کیا ہے ۔ جن کا معیشت اور عوام کے طرز زندگی پر اثرہوسکتا ہے ۔ این ڈی اے آرڈیننس لاتے ہوئے خطرناک آمرانہ حکومت کررہی ہے ۔ زیر تصفیہ بلوں میں حصول اراضی بل بھی شامل ہے ۔ یچوری نے کہاکہ آندھرا پردیش حکومت اس بل کی منظوری کی منتظر ہے تاکہ کسانوں سے اراضی لے کر نیا دارالحکومت تعمیر کیاجائے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں