گوا میں ڈانس بار کے خلاف بی جے پی رکن اسمبلی کی بھوک ہڑتال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-24

گوا میں ڈانس بار کے خلاف بی جے پی رکن اسمبلی کی بھوک ہڑتال

پاناجی
پی ٹی آئی
گوا میں سینئر بی جے پی لیڈر میکائل لوبو نے ساحلی علاقہ میں تمام ڈانس بارس کو بند کردینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال منظم کی ۔ لوبو کے ساتھ باگا جنکشن پر اس احتجاج میں ان کے کئی حامی بھی شریک ہیں۔ لوبو نے ریاستی حکومت پر علاقہ میں غیر قانونی ڈانس بارس کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا الزام عائد کیا جس کی وجہ سے مقامی خواتین خود کو غیر محفوظ محسوس کررہی ہیں۔ لوبو نے کہا کہ اس علاقہ میں خواتین خو د کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں ۔، کیونکہ یہاں غیر قانونی طور پر ڈانس بارس چلائے جارہے ہیں جو جسم فروشی کو بڑھاوادے رہے ہیں۔ گوا کے باہر سے آنے والے بزنس مین اس کاروبار میں ملوث ہیں ۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ بیرونی تاجرین گوا میں کاروبار کرسکتے ہیں لیکن وہ قانونی ہونا چاہئے۔ لوبو کی قیادت میں احتجاجیوں کے ایک گروپ نے گزشتہ ہفتہ علاقہ میں چلائے جانے والے4غیر قانونی ڈانس بارس کو منہدم کردیا تھا۔ پولیس نے بعد میں اس سلسلہ میں رکن اسمبلی اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کیا۔ لوبو نے جو بی جے پی کی شمالی گو ایونٹ کے صدر بھی ہیں کہا کہ گزشتہ ہفتہ4ڈانس بارس منہدم کردئیے گئے ، علاقہ میں ایسے مزید3بارس چلائے جارہے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ریاستی حکومت اس ساحلی پٹی میں جسم فروشی کی تمام سرگرمیوں پر امتناع عائد کردے ۔ چیف منسٹر لکشمی کانت پارسکر نے آج اس مسئلہ پر لوبو سے فون پر بات چیت کی۔ رکن اسمبلی نے بتایا کہ چیف منسٹر نے انہیں تیقن دیا کہ اس طرح کی تمام غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ تاہم وہ اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے ۔

BJP MLA sits on hunger strike against dance bars in Goa

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں