عام آدمی پارٹی ذات پات کی سیاست کر رہی ہے - بی جے پی کا ادعا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-03

عام آدمی پارٹی ذات پات کی سیاست کر رہی ہے - بی جے پی کا ادعا

نئی دہلی
یو این آئی
بھارتیہ جنتا پارٹی نے عام آدمی پارٹی پر دہلی میں انتخابی فائدہ کے لئے ذات پات کی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے آج کہا کہ پارٹی الیکشن کمیشن میں اس کی شکایت کرے گی ۔ آپ کے کنوینر اروند کجریوال کے خلاف بی جے پی کے متنازعہ اشتہار کا دفاع کرتے ہوئے مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر پیوش گوئل نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی نے آپ کے باغی سیاسی نظریہ پر حملہ کیا تھا ۔ لیکن آپ اپنے سیاسی فائدے کے لئے ایک سیاسی بیان کو ذات پات کا رنگ دے رہی ہے ۔ پریس کانفرنس میں موجود دہلی بی جے پی کے صدر ستیش اپادھیائے نے کہا کہ بی جے پی کے اشتہار پر مسٹر کجریوال کے رد عمل کے خلاف شکایت درج کرانے کے لئے وہ الیکشن کمیشن جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے اشتہار میں مسٹر کجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے گزشتہ سال یوم جمہوریہ پریڈ میں رخنہ ڈالنے کی دھمکی دی تھی اور اس سال انہوں نے اس بات کی شکایت کی تھی کہ انہیں تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا ۔ ملک کے کروڑوں لوگ یوم جمہوریہ کو قومی تہوار مانتے ہیں ، اس پر فخر کرتے ہیں اور آپ کا فسادی قبیلہ اس میں رخنہ ڈالنے کے لئے تیار تھا۔

یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب اس استدلال کے ساتھ کہ عام آدمی پارٹی بی جے پی کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے انتخابی میدان میں اتری ہے آج کانگریس کے ترجمان میم افضل نے دہلی کے سیکولر اور خاص طور پر اقلیتی ووٹروں پر زور دیا کہ وہ جذبات کی آندھی میں بہنے کی جگہ شعور سے کام لیں تاکہ پارلیمانی الیکشن کی طرح دوبارہ ان کے ووٹ ضائع نہ ہوں ۔ افضل نے کہا کہ بی جے پی اور آپ دونوں سیکولرزم کو ختم کرنے پر آمادہ ہیں۔ جب کہ کانگریس اور ملک کے عوام کے سامنے سب سے بڑا چیلنج سیکولرزم ، قومی یکجہتی اور تہذیبی رواداری کے ان اقدار کو بچانا ہے جن پر اس ملک کی گنگا جمنی ثقافت کی عمارت کھڑی ہے اور کانگریس نے ہمیشہ ملک کی سالمیت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کام کیا ہے ۔ بی جے پی طرف سے انتخابی منشور پیش نہ کئے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مسٹر افضل نے کہا کہ منشور کی جگہ وی ن ڈاکو منٹ اس لیے جاری کیاجارہا ہے کہ بی جے پی اپنے کسی عہد کا پابند نہیں ہونا چاہتی ۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ اروند کجریوال نے 70نکات پر مشتمل جو منشور جاری کیا ہے اس میں مسلمانوں کے تعلق سے کچھ بھی نہیں ہے جب کہ کانگریس نے اپنے پندرہ سالہ دور میں مسلمانوں کی پسماندگی کا ازالہ کرنے کے لئے نہ صرف سچر کمیٹی قائم کی بلکہ اس کی72سفارشات میں سے69کو نافذ کرنے کے اقدامات بھی کئے ۔ اقلیتی وزارت کا فنڈ 6ہزار کروڑ سے بڑھا کر17.5ہزار کروڑ کردیا گیا ۔ نیز مسلم اکثریت کے علاقوں میں غیر منظور شدہ کالونیوں کو منظوری دی گئی ۔ اردو میڈیم اسکولوں میں اساتذہ بحال کئے گئے ۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ دہلی میں مسلم ووٹوں کی فیصلہ کن سیکولر طاقت کو منتشر کرنے کے لئے آپ کو مہرہ بنا یا گیا ہے ۔ پارلیمانی الیکشن میں اسی تجربہ سے بی جے پی فائدہ اٹھایا اور محض31فیصد ووٹوں کے ذریعہ287سیٹوں پر قابض ہوگئی ۔ ووٹوں کی بری طرح تقسیم کی وجہ سے70فیصد ووٹ ضائع ہوئے ۔

BJP, AAP trade barbs over funds, caste

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں