سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کی گرفتاری پر سپریم کورٹ کا حکم التوا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-02-13

سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کی گرفتاری پر سپریم کورٹ کا حکم التوا

نئی دہلی
پی ٹی آئی/ یون این آئی
سپریم کورٹ نے آج گلبر گ سوسائٹی فساد فنڈ میں مبینہ خر د برد کے الزام میں گرفتاری کا سامنا کرنے والی سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کو فوری راحت دیتے ہوئے ان کی گرفتاری پر کل تک کے لئے روک لگا دی ہے۔ گجرات ہائی کورٹ کی طرف سے آج پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کردئیے جانے کے چند گھنٹے بعد سیتلواڈکی طرف سے کپل سبل نے عدالت عظمیٰ کے سامنے خصوصی معاملہ پیش کیا۔ اس کے بعد عدالت نے ان کی گرفتاری پر کل تک کے لئے روک لگادی۔ عدالت اب کل سیتلواڈ کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی ۔ سیتلواڈ ، ان کے شوہر جاوید آنند، گجرات فساد کے دوران فسادیوں کے ہاتھوں مارے گئے سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کے بیٹے تنویر جعفری سمیت چار افراد پر1.51کروڑ روپے کی ہیرا پھیری کا الزام ہے ۔ ان افراد کے خلاف گزشتہ سال معاملہ درج کرایا گیا تھا۔ تاہم سیتلواڈ نے ان الزامات ک بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے سیاسی اغراض پر مبنی قرار دیا۔ گجرات ہائی کورٹ کی جانب سے سیتلواڈ کو ضمانت قبل از گرفتاری دینے سے انکار کے فوری بعد سبل اور وکیل اپرنا بھٹ سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے ۔ ایچ ایل دتو کی قیادت میں بنچ نے کہا کہ سیتلواڈ اور ان کے شوہر کو اس وقت تک گرفتار نہیں کیاجاسکتا جب تک کہ کل یہ معاملہ عدالت کے سامنے سماعت کے لئے پیش نہ ہوجائے۔ وکلاء نے یہ معاملہ بنچ کے سامنے زبانی طور پر اس وقت پیش کیا جب یہ بنچ جس میں جسٹس اے کے سکری اور ارون مشرا بھی شامل ہیں دوسرسا معاملہ سماعت کررہی تھی۔ وکلاء نے کہا کہ پولیس سیتلواڈ کے گھر تک پہنچ گئی ہے اور کسی بھی وقت انہیں گرفتار کر کے ان کے لئے دشواریاں پیدا کرسکتی ہیں اس لئے اس معاملہ کو فوری سماعت کیاجائے ۔ بنچ نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف اپیل دن میں دائر کی جاسکتی ہے ۔

Activist Teesta Setalvad Can't be Arrested Till February 19, Says Supreme Court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں