نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ کی جانب سے حج درخواست فارم سال 2015 کا رسم اجرا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-20

نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ کی جانب سے حج درخواست فارم سال 2015 کا رسم اجرا

حیدرآباد
ایس این بی
نائب وزیر اعلیٰ ریاست تلنگانہ محمد محمود علی نے تیقن دیا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ حج ہاؤزس نامپلی میں حج درخواست فارم2015کی اجرائی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے محمد محمود علی نے کہا ہے کہ عازمین حج کو رباط مکہ مکرمہ میں قیام کے لئے حکومت کی جانب سے بھرپور کوشش کی جائے گی ۔ اس ریاست کے600عازمین حج کو جاریہ سال رہائش کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے یہ بھی تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے یہ بھی کوشش کی جارہی ہے کہ ریاست کے تمام عازمین حج کو مکہ شریف میں قیام کی مفت سہولت حاصل رہے ۔ محمود علی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے عازمین حج کی مکہ مکرمہ میں رہائش کے لئے ایک وفد کو روانہ کیا جائے گا۔ اس وفد کے ارکان مکہ مکرمہ میں عازمین کے قیام کے لئے بہتر سے بہتر عمارت کا انتخاب کریں گے اور یہ کوشش کی جاء گی کہ حرم شریف سے قریب کا فاصلہ ہو تاکہ عازمین کو اپنی رہائش گاہ سے حرم شریف پہنچنے میں آسانی ہو اور کم سے کم وقت لگے ۔ اس کے علاوہ طعام کا بھی موثر انتظام کیاجائے گا اور عازمین حج کو معیاری غذائیں فراہم کی جائیں گی ۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے کہا کہ ارکان پارلیمان اور حج کمیٹی کے لئے کوئی کوٹہ مختص نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حج امور کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو حکومت برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ حج 2015درخواست فارم کی اجرائی کے لئے مزید کاؤنٹرس قائم کئے جائیں تاکہ درخواست گزاروں اور عمر رسیدہ عازمین کو طویل قطاروں میں ٹھہرنے کی زحمت اٹھانی نہ پڑے ۔ اس کے علاوہ آن لائن کے ذریعہ بھی عازمین حج درخواست کی خانہ پری کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ منتخب عازمین حج کی ٹیکہ اندازی کے لئے حج ہاؤز پر20دن کا کاؤنٹر جاری رکھیں تاکہ عازمین اپنی سہولت سے استفادہ کرسکیں ۔ ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ ریاست تلنگانہ اور حج ہاؤز کے لئے دعا کریں ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی ریاست تلنگانہ پروفیسر ایس اے شکور نے جلسہ کی صدارت کی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج2015سے متعلق منصوبہ بندی کا تفصیلی احاطہ کیا گیا ۔ حج 2015کے قواعد و ضوابط پچھلے سال ہی کی طرح رہیں گے ۔ جاریہ سال عازمین حج کو1500سعودی ریال دئیے جائیں گے جب کہ پچھلے سال عازمین کو یہ رقم2100ریال دی گئی تھی ۔ اس طرح جاریہ سال عازمین حج کو600ریال کم دئیے جائیں گے ۔ یہ رقم قربانی کے جانور اور مدینہ منورہ میں طعام ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی ریاست تلنگانہ کی جانب سے قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب کیاجائے گا ۔ آن لائن درخواست داخل کرنے والے عازمین حج کو چاہئے کہ آن لائن داخل کی گئی درخواست کی کاپی کے ہمراہ فوٹوز کو دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں ۔ حج کمیٹی ریاست تلنگانہ کی جانب سے ریاست تلنگانہ اور ریاست آندھر اپردیش کے عازمین کے لئے حج2015کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو آن لائن اور حج ہاؤس پر راست درخواست فارم داخل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ۔ اسریٰ ہسپتال پر عازمین حج کے لئے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیاجائے گا جو11بجے دن تاشا م4بجے کام کرے گا ۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر حافظ صابر پاشاہ، امام مسجد حج ہاؤس کی قرات کلام پاک سے ہوا اور عرفان شریف نے نعت کا نذرانہ پیش کیا ۔ اے پی آر او ایم اے رفیع قریشی نے اظہار تشکر کیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں