ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ کانفرنس میں نائیڈو کی شرکت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-21

ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ کانفرنس میں نائیڈو کی شرکت

ڈاؤس
پی ٹی آئی
سرمایہ کاری کے حصول کے لئے کوشاں چیف منسٹر آندھر اپردیش این چندرابابو نائیڈو ، امکان ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم میں ریاست کے لئے اپنے ویژن کی نقاب کشائی انجام دیں گے ۔ ڈاؤس میں منعقد ہونے والی سالانہ کانفرنس میں دنیا بھر کے ممتاز پالیسی ساز اور کاپوریٹ لیڈرس شرکت کررہے ہیں ۔ چندرابا بو نائیڈو کو گزشتہ سال تشکیل تلنگانہ کے بعد آندھر ا پردیش کی تعمیر جدید کا کٹھن چیالنج درپیش ہے اور وہ اس چیالنج کو قبول کرتے ہوئے اے پی کو ایک بے مثال ریاست میں تبدیل کرنے کے لئے دنیا بھر کی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں سے سرمایہ اکٹھا کر نے کی جان توڑ کوششوں میں مصروف ہیں ۔ وہ ڈاؤس کے تین روزہ دورہ پر روانہ ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے صفحہ میں کہا کہ میں ڈاؤس کی سالانہ کانفرنس میں مثبت امیدوں کے ساتھ شریک ہورہا ہوں ۔ مجھے پوری امید ہے کہ تمام امور دلچسپی سے پر ہوں گے ۔ میں اس کانفرنس میں اے پی کی ترقی کے لئے اپنے ویژن کی نقاب کشائی انجام دینے جارہا ہوں ۔ چندرا بابو نائیڈو کو خصوصی مدعو کے طور پر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی ۔ ٹکنالوجی کے شیدائی چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈوکو جدید حیدرآباد کا معمار قرار دیاجاتا ہے ۔ یہ شہر اب تلنگانہ کا حصہ ہے جو ملک بھر میں بنگلور کے بعد انفارمیشن ٹکنالوجی کا اہم مرکز ہے ۔ چندرابابو نائیڈو زائد از ایک دہے بعد ڈاؤس کا دورہ کررہے ہیں ۔ وہ کانفرنس کے دوران آندھراپردیش میں سرمایہ کاری کے موضوع پر منعقد ہونے والے خصوصی سیشن سے خطاب کریں گے ۔ یہ سیشن ریاستی حکومت ، منعقد کرے گی ۔ وہ اپنے3روزہ دوروہ میں مختلف صنعتکاروں ، تاجرین اور مختلف شعبوں کے ماہرین کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے اور اے پی میں سرمایہ لگانے کی دعوت دیں گے ۔ ڈاؤس کے ورلڈ اکنامک فورم کانفرنس کا21جنوری سے آغاز ہوگا ۔ چندرا بابو نائیڈو کو فیو چر آف اربن ڈیولپمنٹ کے موضوع پر منعقد ہونے والے سیشن میں بھی مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے ۔ مختلف ممالک کے وزراء اور بڑی کمپنیوں کے چیف اگزیکٹیو آفیسرس اس میں شرکت کریں گے ۔ اس کے علاوہ جاپان ، ویژن آف ٹومارو ؛ لرننگ فار اسٹرکچرل چیالنجس کے سیشن میں بھی وہ مہمان خصوصی ہوں گے ۔ جاپانی وفد کے زیر اہتمام جاپان نائٹ میں بھی چیف منسٹر اے پی شرکت کریں گے ۔ چندرا بابو نائیڈواپنے گزشتہ دورہ چیف منسٹری میں جو1995تا2004ء پر محیط ہے ، ڈاؤس کی ہر سال منعقد ہونے والی کانفرنس میں پابندی سے شرکت کرتے تھے۔ انہوں نے کئی سیشن کی ترجمانی کے فرائض بھی انجام دئیے ۔ ورلڈ اکنامک فورم کے صدر کلاز شواب نے خود چندرا بابو نائیڈوکو چیف منسٹر مہاراشٹر دیویندر پھڈ نویس کے ہمراہ خصوصی طور پر مدعو کیا ہے ۔ دونوں چیف منسٹر اعلی سطحی ہندوستانی وفد کا حصہ ہوں گے جس میں مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی اور وزیر توانائی پیوش گوئل بھی شامل ہیں ۔ ریاستی وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو ، نئی دہلی میں حکومت آندھرا پردیش کے خصوصی نمائندے کے رام موہن راؤ اور سینئر بیورو کریٹس، چندرا بابو نائیڈو کے دورہ ڈاؤس میں ان کے ہمراہ ہوں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں