ملک کی صیانت کو خطرہ میں ڈالنے ممتا بنرجی پر الزام - صدر بی جے پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-21

ملک کی صیانت کو خطرہ میں ڈالنے ممتا بنرجی پر الزام - صدر بی جے پی

بردوان
پی ٹی آئی
بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے آج مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں حکومت چلانے کے بجائے ممتا بنرجی کے پیش نظر مبینہ طورپر چٹ فنڈ اسکام میں ملوث افراد کو بچانا ہے اور ووٹ بینک کی سیاست کے لئے قومی صیانت کو خطرہ میں ڈالنا ہے ۔ مغربی بنگال میں بی جے پی کی رکنیت سازی کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے ممتا بنرجی کو انتباہ دیا کہ وہ پارٹی ورکرس پر ظلم و زیادتی کے ذریعہ مغربی بنگال میں ان کی پارٹی کی ’’وجئے رتھ‘‘ کو روک نہیں سکتی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کو عومی تائید کے ذریعہ ترنمول کانگریس کو دریائے گنگا کے پانی میں ڈبودیاجائے گا ۔ امیت شاہ نے کہا کہ مغربی بنگال میں ممتا کی حکومت کمیونسٹوں سے بھی بدتر ہے۔ انہوں نے ممتا بنرجی پر قومی صیانت کو اہمیت دینے کے بجائے ووٹ بینک سیاست کو اہمیت دینے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ممتا کی حکومت بردوان دھماکہ کیس میں تحقیقات ہونے نہیں دے رہی ہے ۔ اس کے علاوہ وہ عوامی رقومات کی حفاظت کے لئے بھی کچھ نہیں کررہی ہے ۔ یہاں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ پارٹی کو اب ریاست میں جدو جہد کا معاوضہ ملنے والا ہے ۔ بی جے پی سربراہ نے کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت بنگال کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہے ۔ لیکن ممتا بنرجی انہیں کچھ کرنے کے لئے مواقع دینا نہیں چاہتی ۔ ممتابنرجی کے پیش نظر بنگال کی ترقی نہیں ہے لیکن وہ اپنے پارٹی کے کارکنوں کو چٹ فنڈ اسکام سے بچانے کوشاں ہے ۔ ووٹ بینک سیاست کی وجہ سے ممتا بنرجی بردوان دھماکہ کی مکمل تحقیقات نہیں کرسکی۔ ٹی ایم سی حکومت قومی صیانت کے مقابلہ ووٹ بینک سیاست پر توجہ دیتی ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بنگال میں تبدیلی لائیں ۔
امیت شاہ نے کہا کہ مجھے کہنے دیجئے کہ ممتا بنرجی کا دور حکومت کمیونسٹوں کے دور حکومت سے بدتر ہے ۔ انہوں نے عوام سے استفسار کیا کہ آیا وہ تبدیلی چاہتے ہیں ، جب کہ نریندر مودی ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لیجانا چاہتے ہیں ۔ ترنمول کانگریس ریاست کو پیچھے لیجانا چاہتی ہے ۔ یو این آئی کے مطابق صدر بی جے پی نے کہا کہ بردوان میں دھماکہ ہوا جس میں2افراد کی موت ہوگئی یہ سب اس لئے ہوا کہ ممتا بنرجی کی حکومت نے بنگلہ دیشی دراندازوں کو پناہ دے رکھی ہے ۔ بردوان بم دھماکہ ترنمول کانگریس کی ووٹ بینک سیاست کا بد ترین نمونہ ہے ۔ امیت شاہ نے ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس پر الزا م عائد کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں بی جے پی کو روکنے کے لئے ورکروں کو نشانہ بنایاجارہا ہے اور اس میں ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی کے سینئر لیڈران ملوث ہیں۔ امیت شاہ نے کہا کہ ممتا بنرجی کو میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ بی جے پی ورکروں کو نشانہ بناکر بنگال میں بی جے پی کو نہیں روکا جاسکتا ہے ۔ بنگال کی عوام نریندر مودی اور بی جے پی کے ساتھ کھڑی ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پارٹی ورکروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ ترنمول کانگریس کے حملہ سے خوفزدہ نہ ہوں ۔ پارٹی ان کے ساتھ ہے ۔ دہلی کے بعد بی جے پی بنگال اور بہار میں حکومت بنائے گی ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں