مظفر پور فساد - پانچ پولیس ملازمین معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-21

مظفر پور فساد - پانچ پولیس ملازمین معطل

پٹنہ
آئی اے این ایس
بہار کے ضلع مظفر پور میں پانچ پولیس عہدیداروں کو فرائض کی ادائیگی میں غفلت اور لاپرواہی برتنے کی پاداش میں آج معطل کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ اس ضلع کے ایک موضع میں4افراد کے قتل اور آتشزنی کا واقعہ پیش آیا ہے ، جو بعد ازاں فرقہ وارانہ جھڑپ میں تبدیل ہوگیا ۔ یہ واقعہ اتوار کے دن ایک20سالہ ہندو نوجوان کی نعش پائے جانے کے بعد مسلم اکثٖریتی دیہات اجیت پور ی ہیلواڑہ میں پیش آیا تھا ۔ مظفر پورکے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس رنجیت کمار مشرا نے پانچ پولیس عہدیداروں کو معطل کردیاجن میں سرایہ پولیس اسٹیشن کے چیف بھی شامل ہیں ۔ مشرا نے کہا کہ میں نے ایڈیشنل ڈی جی پی ، گپتیشور پانڈے کی ہدایت پر پانچ عہدیداروں کی معطلی کے احکام جاری کیے ہیں۔ پانڈے اتوار سے اس ضلع میں کیمپ کیے ہوئے ہیں،۔ چیف منسٹر جتن رام مانجھی نے اس واقعہ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری اور عاجلانہ مقدمہ کی ہدایت جاری کی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ تمام خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے جو اس صورت حال کوبھڑکنے سے روکنے میں ناکام رہے ہیں ۔ مظفر پور کے ضلع مجسٹریٹ انوپم کمار نے فون پر بتایا کہ موضع میں معمول کے حالات بحال ہوچکے ہیں۔ تشدد کے بعد فرار دیہاتی تحفظ کا تیقن دیے جانے کے بعد اپنے مکانات کوواپس لوٹ چکے ہیں ۔ پیر کے دن دو ہزار نامعلوم افراد اور12نامزد ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی ۔ یہ12ملزمین اس ہجوم میں شامل تھے جس نے ایک مخصوص فرقہ کے افراد پر حملہ کیا تھا ۔ اسی دوران موضع میں جائے واقعہ کی ویڈیو گرافی کرنے پر3افراد کو حراست میں لے لیاگیا ہے اور پولیس ان سے پوچھ تاچھ کررہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں