رامپور - ہندو بچوں کا اردو مدرسہ میں داخلہ - مسلم بچوں کی آر ایس ایس کے کالج میں تعلیم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-19

رامپور - ہندو بچوں کا اردو مدرسہ میں داخلہ - مسلم بچوں کی آر ایس ایس کے کالج میں تعلیم

رامپور
پی ٹی آئی
مذہبی وابستگی سے قطع نظر اتر پردیش کے شہر رامپور میں11ہندوبچوں نے اسلامی دینی مدرسہ میں داخلہ لیا جب کہ زائد از140مسلم بچے آر ایس ایس کے زیر اہتمام چلائے جانے والے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے رجوع ہوئے ۔ مدرسہ جمعیۃ الانصار کے مہتمم کے مطابق اردو زبان اور ادب سے والدین کی دلچسپی نے انہیں اپنے بچوں کو مدرسہ میں داخلہ دلوانے کے لئے راغب کیا۔ ہندو طلبہ اور ان کیو الدین اردو سے محبت کرتے ہیں اور مرزا غالب ، فراق کھورکپوری ، جگر مرادآباد اور دیگر شعراء کے کلام کو پسند کرتے ہیں ۔ یہ خاندان چاہتے ہیں کہ ان کے بچے روایتی آداب سیکھیں ۔ مہتمم مدرسہ مولانا خالد انصاری نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اسلامیہ میں برسہا برس روایتی اسلامی تعلیمات دی جاتی ہیں لیکن اب یہاں اصل دھارے کے تعلیمی نظام کو بھی شامل کردیا گیا ہے اور عصری مضامین بھی پڑھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ11ہندو بچوں نے مدرسہ میں داخلہ لیا ہے جو دیگر مضامین کے ساتھ اردو زبان بھی سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دونوں طبقات کے طلبہ صبح کے دعائیہ اجتماع میں مل جل کر شریک ہوتے ہیں ۔ اسی دوران تقریباً140مسلم طلباء نے ایک ایسے اسکول میں داخلہ لیا جسے دائیں بازو کی ہندو تنظیم آر ایس ایس چلاتی ہے۔ کالج کے پرنسپل جتیندر سنگھ نے بتایا کہ سرسوتی ودیا مندر انٹر کالج کے مختلف کورسس میں زائد از140مسلم بچوں نے داخلہ لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالج میں دن کا آغاز سوریہ نمسکار اور وندے ماترم گانے کے ساتھ ساتھ ویدک اشلوک جپنے کے ساتھ ہوتا ہے ۔ سنگھ نے مزید بتایا کہ کالج میں تمام ہندو مسلم طلبہ مل جل کر دوپہر کا کھانا کھاتے ہیں ۔ مسلم طلبہ کے بارے میں سنگھ نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ سے فارغ ہونے والے طلبہ میں سے ایک دانش مصطفیٰ کو سعودی عرب میں انجینئرنگ کی ملازمت ملی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں اس کالج سے کامیاب ہونے والے سینکڑوں مسلم طلبہ کو بہترین ملازمتیں ملی ہیں۔

hindu muslim children education examples in Rampur

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں