آئندہ 4 سالوں تک کوئی سیاست نہیں بلکہ ترقی ہوگی - وزیر اعلیٰ تلنگانہ چندرشیکھر راؤ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-19

آئندہ 4 سالوں تک کوئی سیاست نہیں بلکہ ترقی ہوگی - وزیر اعلیٰ تلنگانہ چندرشیکھر راؤ

حیدرآباد
اعتماد نیوز - شہاب الدین/شجاعت علی خان
چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہی تلنگانہ حکومت نے ایک ہزار30کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے ، اور ایک ایک پیسہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لے خرچ کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور ایس سی طبقہ کے نوجوانوں میں بے روزگاری زیادہ ہے ۔ اقلیتوں کے مختص بجٹ کے ذریعہ انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ چندر شیکھر راؤ نے واضح کیا کہ آئندہ چار سالوں تک کوئی سیاست نہیں ہوگی بلکہ صرف ترقی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ امکنہ ، سینی ٹیشن اور پانی کے مسائل جلد از جلد حل کرلئے جائیں گے ، انہوں نے اپنے دورہ محبوب نگر کے موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غربت کے خاتمہ کے لئے عوام میں بیداری ضروری ہے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ متحد ہوکر اس مسئلہ کے خاتمہ کے لئے جنگ لڑنے تیار رہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محبوب نگر کے عوام کے پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل کے لئے سری سلیم پراجکٹ سے پینے کا پانی سربراہ کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر کمیونٹی ٹائیلٹس کا قیام عمل میں لایاجائے گا ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ مکان کی تعمیر کے لے ایک پیسہ بھی خرچ نہ کریں ۔ حکومت تمام کو دو بیڈ روم کے مکان فراہم کرے گی اور ان مکانات کی تعمیر کے لئے فنڈس مختص کئے جائیں گے ۔ ہر خاندان کو مکان حکومت دے گی ، انہوں نے کہا کہ کریہ دارون کو بھی مکانات دئیے جائیں گے اور آئندہ ہفتہ وہ دوبارہ محبوب نگر کا دورہ کرتے ہوئے مکانات تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر عوام سے ان کے مسائل سے واقفیت کے لئے دو بدو بات چیت کی۔انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ محبوب نگر میں واٹر پیوری فائنگ پلانٹ بھی قائم کیاجائے گا جہاں سے عوام کو صاف پینے کا پانی حاصل ہوگا ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ عوام کو یہاں وظائف ، راشن کارڈس اوردیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ساتھ ہی روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے طریقہ بھی عوام کو بتائے جائیں گے ۔ اس دورہ میں چیف منسٹر کے ساتھ ریاستی وزراء جوپلی کرشنا ، سی لکشما ریڈی، پارلیمنٹری سکریٹری سرینواس گوڑ کے علاوہ محبوب نگر کے رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی ، ایل ایل سی جگدیشور ریڈی ، ارکان اسمبلی جی بالراج ، ایم جناردھن ریڈی، سابق ارکان اسمبلی گروناتھ ریڈی ایس سدھاکر ریڈی ، چیرمین بلدیہ رادھا امر، کمشنربلدیہ سرینواس کے علاوہ ٹی آر ایس کے قائدین امتیاز اسحاق ، محمد محسن خان ، محمد مقبول ، محمد اقبال ، واحد تاج اور دوسرے موجود تھے ۔

next 4 years will be no politics only development, KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں