بی جے پی اور کانگریس سے پیسے لے کر عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیں - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-19

بی جے پی اور کانگریس سے پیسے لے کر عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیں - کجریوال

نئی دہلی
آئی اے این ایس
سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے اتوار کو عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس اور بی جے پی دونوں جماعتوں کی جانب سے دی جانے والی رقم قبول کریں لیکن ووٹ عام آدمی پارٹی کو دیں ۔ کجریوال نے مغربی دہلی کے حلقہ اتم نگر میں ایک سیاسی ریالی سے خطاب میں کہا کہ ’بی جے پی اور کانگریس دونوں پارٹی کے لوگ آئیں گے، پیسے دینے، دونوں پارٹی سے پیسے لے لینا ، پر ووٹ جھاڑو پر دینا۔‘‘ عام آدمی پارٹی سربراہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی اور کانگریس کے پیسے لے کر عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیتے ہوئے ان دو جماعتوں کو الو بنائیں ۔ 71رکنی دہلی اسمبلی کے لئے رائے دہی7فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی10فروری کو ہوگی ، پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس نے آج عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کجریوال سے مطالبہ کیا کہ اپنے اس متنازعہ ریمار کے لئے دہلی کے عوام سے معافی مانگیں جس میں انہوں نے رائے دہندوں سے کہا تھا کہ بی جے پی اور کانگریس سے پیسے لے لینا لیکن اے اے پی کو ووٹ دینا۔ قبل ازیں کجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی تھی کہ ان کی رام لیلا میدان کی تقریر سے انہیں بڑا دکھ ہوا جب کہ انہیں اس سے بڑی توقعات وابستہ تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے انہیں نکسلائٹ قرار دینے اور ان کے دھرنا دینے کے لئے نصف وقت صرف کردیا۔ کجریوال نے کہا کہ یہ اچھی سیاست نہیں ہے۔ سیاست اصولوں پر مبنی ہونی چاہئے ۔
جنرل سیکریٹری اے آئی سی سی اجئے ماکن نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ان کی پارٹی کجریوال کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع ہونے قانونی رائے لے گی کیونکہ کجریوال نے دہلی کے عوام کی توہین کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بیان دینا غیر قانونی ہے۔ یہ عوام کو رقم کی لالچ دینے کے مترادف ہے لہذا کجریوال اس کے لئے معافی مانگیں ۔ کانگریس قائد نے کہا کہ عام آدمی پارٹی پوسٹرس اور بڑے سائز کی ہورڈنگس لگانے میں اپنے حریفوں سے کہیں آگے ہیں۔ وہ ایف ایم ریڈیو پر24گھنٹے اشتہارات بھی جاری کررہے ہیں ۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ عام آدمی پارٹی سے لگاؤ اور احترام کے باعث نہیں ہورہا ہے بلکہ پارٹی اس کے لئے کثیر رقم خرچ کررہی ہے ۔

Take money from BJP & Congress, but vote for AAP: Kejriwal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں