اترپردیش ریاستی کونسل الیکشن - ایس پی اور بی ایس پی کے سبھی امیدوار کامیاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-24

اترپردیش ریاستی کونسل الیکشن - ایس پی اور بی ایس پی کے سبھی امیدوار کامیاب

لکھنو
ایس این بی
اتر پردیش کونسل کے الیکشن میں بر سر اقتدار سماج وادی پارٹی اور اہم مخالف پارٹی بی ایس پی کی حکمت عملی اس وقت کامیاب ہوگئی جب بی جے پی کے دو میں سے ایک ہی امیدوار کامیاب ہوسکا اور ایک کو شکست کاسامنا کرنا پڑا ۔ کونسل کی 12سیٹوں کے لئے کل13امیدوار میدان میں تھے، ان میں سے سپا کے8،بی ایس پی کے تین اور بھاجپا کے ایک امیدوار کوکامیابی ملی ہے ۔ پارٹیوں کی جانب سے جاری وہپ کونظر اندازکرتے ہوئے ممبران اسمبلی نے کراس ووٹنگ بھی کی ۔ اس معاملہ میں انتہائی حیرت انگیز طور پر قتل کا ملزم مفروربسپا ممبرا اسمبلی سخت سیکوریٹی انتظامات کو فریب دیتے ہوئے کونسل کے الیکشن میں ووٹ دینے آیا اور پھر فرار ہوگیا ۔ سخت سیکوریٹی کے درمیان کونسل ہاؤس میں ووٹ ڈالے گئے ۔ کل399ممبران اسمبلی نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اسمبلی کے کل404ممبران میں ایک کی رکنیت منسوخ ہونے کی وجہ سے صرف403ووٹر تھے ۔ ووٹ نہ دینے والے ممبران اسمبلی میں سپا کے پریم پرکاش اور ڈاکٹر وقار احمد شاہ، نامزد ممبر اسمبلی پیٹر پینتھم اور آزاد اکھلیش سنگھ شامل ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پریم پرکاش اترا کھنڈ میں ہونے کی وجہ سے ووٹ نہیں ڈال سکے جبکہ ڈاکٹر وقار احمد شاہ طویل عرصہ سے صاحب فراش ہیں اور پینتھم کے ملک سے باہرہونے کی اطلاع ہے ۔
الیکشن میں سپا کے8، بسپا کے3اور بھاجپا کے2امیدوار میدان میں تھے، جب کہ کانگریس نے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا اور بی ایس پی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔سپا کے رمیش یادو، ڈاکٹر سروجنی اگر وال۔ احمد حسن، صاحب سنگھ سینی، ویریندر سنگھ گورجر، رام جتن راج بھر، ڈاکٹر اشوک باجپئی اور انشو ملک کامیاب رہے، جب کہ بی ایس پی کے نسیم الدین صدیقی ، دھرم ویراشوک اور پردیپ یادو جب کہ بھاجپا کے لکشمن اچاریہ نے کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی کے دوسرے امید وار دیا شنکر سنگھ کو صرف17ووٹ ملے اور انہیں شکست کا سامنا کرناپڑا ۔سماج وادی پارٹی کے کل229ممبران اسمبلی ہیں جب کہ اسے کل247ووٹ حاصل ہوئے ۔ جب کہ80ممبران اسمبلی والی بی ایس پی کو101اور41ممبران والی بھاجپا کو51ووٹ ملے ۔ سپا اور بسپا کو بالترتیب16اور21ووٹ زائد ملے ۔

Uttar Pradesh Council polls: Fresh jolt to BJP as second candidate loses

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں