فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف کشمیر میں زبردست احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-24

فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف کشمیر میں زبردست احتجاج

سری نگر
یو این آئی
فرانس کے ایک میگزین چارلی ایبڈو میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے سیکوریٹی فورسیس نے آج یہاں لاتھی چارج کیا اور آنسو گیس شل برسائے ۔ تاریخی جامع مسجد اور شہرکے ڈاؤن ٹاؤن علاقہ کی دیگر مساجد میں نماز جمعہ کے اختتام کے ساتھ ہی گڑ بڑ شروع ہوگئی ۔ نوہٹہ میں ہزاروں افراد جن میں بیشتر نوجوان تھے، چارلی ایبڈو کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ۔ بہر حال جب جلوسی اصل چوک کی طرف بڑھ رہے تھے، سیکوریٹی فورسس اور ریاستی پولیس کا عملہ فوری حرکت میں آگیا اور انہیں روک دیا گیا۔ مظاہرین نے جب منتشرہونے سے انکار کیا تو سیکوریٹی فورسس نے لاٹھی چارک شروع کردیا ۔ بہر حال جب اس کا کوئی اثر نہیں ہوا تو سیکوریٹی فورسس نے نعرہ بازی اور سنگباری میں مصروف مظاہرین کو منتشر کرنے آنسو گیس شل برسائے ۔ ڈاؤن ٹاؤن کے دیگرعلاقوں میں بھی گڑ بڑ شروع ہوگئی جہاں مظاہرین سیکوریٹی فورسس کے ساتھ متصادم ہوگئے اور نماز کے بعدکئی گھنٹوں تک سنگباری کا سلسلہ جاری رہا ۔ مظاہرین نے بعض مقامات پر موافق اسلام نعرے لگاتے ہوئے کارٹوں نگار چارلی کا پتلہ نذر آتش کیا۔ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچرنگ فیڈریشن نے صدر نشین این ایس بالکل کی زیر قیادت نئی سڑک سے احتجاجی مارچ نکالا جو یہاں سیول لائنس علاقوں میں تاریخی کلاک ٹاور کے قریب پر امن طور پر ختم کردیا گیا ۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ(جے کے ایل ایف) کارکنوں نے بھی مدینہ چوک سے ایک احتجاجی مارچ نکالا اور بعد ازاں لال چوک پر پرامن انداز میں منتشر ہوگئے ۔ دیگر اضلاع سے بھی ایسی ہی اطلاعات موصول ہوئیں۔ سری نگر کے مختلف علاقوں میں بھی پر امن احتجاج منظم کیا گیا۔ اننت ناگ میں نمازجمعہ کے بعد ہزاروں افراد نے چارلی ایبڈو میگزین کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا ۔ یہاں بھی سیکوریٹی فورسس کے ساتھ ان کی جھڑپ ہوئی کیونکہ انہیں مختلف سڑکوں سے گزرتے ہوئے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی ۔ شمالی کشمیر کے باندی پورہ علاقہ میں گلشن چوک تا نشاط چوک مارچ نکالا گیا جس کے بعد مظاہرین پر امن انداز میں منتشر ہوگئے ۔ وادی کشمیر کے دیگر علاقوں بشمول سوپور ، بارہمولہ اور شمالی کشمیر کے پٹن میں بھی ایسے ہی احتجاج منظم کئے گئے ۔ قبل ازیں موصولہ اطلاع کے مطابق عام ہڑتال کے سبب آج وادی کشمیر میں معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔ متحدہ علمائے سنت نامی تنظیم نے ہڑتال کی اپیل کی تھی جس کی علحدگی پسندوں ،مذہبی و سماجی تنظیموں نے حمایت کی تھی ۔ احتجاج کو روکنے سیول لائنس کے میسومہ علاقہ میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ144کے تحت امتناعی احکام نافذ کئے گئے تھے ۔ دوکانات اور تجارتی ادارے بند رہے اور گرمائی دارالحکومت سری نگر میں سڑکوں پر ٹریفک بھی نہیں تھی ۔ بہر حال خانگی گاڑیاں سڑکوں پر نظر آئیں ۔ ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں بھی نہیں چلائی گئیں ۔ ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے سبب سرکاری دفاتر میں کام متاثر رہا ، سیول لائنس علاقہ میں بینک بند رہے ۔

Kashmir protests against 'blasphemous' caricatures in Charlie Hebdo

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں