تلنگانہ میں سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ - عوام میں خوف کا ماحول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-25

تلنگانہ میں سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ - عوام میں خوف کا ماحول

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ میں سوائن فلو کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے عوام میں خوف کا ماحول ہے ، حیدرآباد میں متاثر ہونے والوں کی تعداد50ہوگئی ہے۔ ضلع ورنگل میں آج ایک شخص سوائن فلو کی علامات پر ایم جی ایم اسپتال میں داخل کروایا گیا ۔ سوائن فلو کے مریضوں کے لئے ایم جی ایم اسپتال میں خصوصی وارڈ بنایا گیا ہے ۔ اس کے خون کے نمونے معائنہ کے لئے حیدرآباد بھیجے گئے ہیں۔ اب تک تقریباً300افراد سوائن فلو سے متاثر ہوئے ہیں ۔ کل ایک دن میں140افراد کے اس سے متاثر ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ حکومت کی جانب سے اس مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اور مرکز کی جانب سے بھیجی گئی طبی ٹیم نے مختلف اسپتالوں کا معائنہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور ریاستی محکمہ صحت کو مشورہ دیا کہ اس مرض سے نمٹنے والے ڈاکٹرس کو بھی مرض سے بچنے کی تربیت دی جائے اور عوام میں یہ شعور بیدار کیاجائے کہ مرض کے لاحق ہونے سے پہلے ادویہ یا ویکسن کے استعمال سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔ اس کے علاوہ عوام کو سوائن فلو سے متعلق شکایات یا پھر اس سلسلہ میں معلومات کے لئے ٹال فری نمبر104مہیا کیا گیا ہے جس کے ذریعہ عوام اس مرض سے متعلق تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں ۔ میدک ضلع میں بھی سوائن فلو کی علامات پر کئی افراد اسپتال پہنچے ۔ حکومت کی جانب سے اضلاع کو طبی کٹس بھیجی جارہی ہے ۔ اس موقع پر خصوصی آفیسر بی پی اچاریہ نے ہاسپٹل کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرس کو مختلف ہدایتیں دیں ۔ گاندھی ہاسپٹل میں مریضوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھاجارہا ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل کے خصوصی وارڈ میں35افراد کا علاج کیاجارہا ہے اور مزید28افراد کو سوائن فلو کے علامات کے ظاہر ہونے پرAMC,Disosterوارڈ میں رکھ کر علاج کیاجارہا ہے ۔ اس وارڈ کے فل ہوجانے پر مریضوں کو فیور ہاسپٹل نلہ کنٹہ کو روانہ کیاجارہا ہے ۔ فیور ہاسپٹل میں بھی سوائن فلو سے متاثر مریضوں کے علاج کے لئے50بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈ بنایاگیا ہے ۔ جہاں پر ان افراد کا علاج کیاجارہا ہے ۔ آئی پی ایم سنٹر نارائن گوڑہ میں300سے زائد نمونوں کی جانچ کی جس میں سے100کو سوائن فلو کے علامات ظاہر کئے گئے ۔ اسکولس اور کالجس میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی صحت کو لے کر سرپرست اسکول انتظامیہ سے کچھ دنوں کے لئے اسکول اور کالجس کو تعطیلات دینے کا مطالبہ کرتے دیکھے گئے اور طلباء کو ماسک پہن کر تعلیمی اداروں کو روانہ کیاجارہا ہے ۔ سوائن فلو کے بڑھتے ہوئے قہر اور احتیاطی طور پر ماسک کے استعمال سے شہر میں ماسک کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ شہر میں کچھ تعلیمی اداروں میں انتظامیہ کی جانب سے طلباء و طالبات میں مفت ماسک کی تقسیم بھی کی گئی ۔ شہر حیدرآباد کے ساؤتھ زون کے انچارج آئی ایس آفیسر برائے سوائن فلو سنیل شرما نے بھی کہا ہے کہ ساؤتھ زون میں گھر گھر بیداری مہم چلائی جارہی ہے ۔ صفائی کے انتظامات کے علاوہ عوام کو اس مرض سے نمٹنے کے لئے احتیاطی تدابیر سے بھی واقف کرایا جارہا ہے ۔، دوسری طرف ڈادکٹرس اور نرسس کے علاوہ طبی اہل کار بھی اس سے متاثر ہورہے ہیں ۔
اس بڑھتے ہوئے مرض نے عوام میں خوف پیدا کردیا ہے ۔ عثمانیہ ہاسپٹل میں سوائن فلو کے مریضوں کا علاج کرنے والے تین ڈاکٹرس اس سے متاثر ہیں، جن کو علیحدہ خصوصی وارڈ میں رکھا گیا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے مناسب وقت پر اقدامات نہ کرنے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ایک طرف سوائن فلو سے مریضوں کی اموات ہورہی ہیں تو دوسری طرف عثمانیہ ہاسپٹل میں صرف پانچ دن پہلے ہی علیحدہ خصوصی وارڈ قائم کئے گئے ہیں لیکن ابھی تک اس مرض کی روک تھام کے لئے استعمال کئے جانے والے ماسک کا مکمل طور پر انتظام نہیں کیا گیا ۔ ڈاکٹرس، نرسس اور اسپتال کے طبی عملے کے لئے ماسک مہیا کروانے کی مانگ کی جارہی ہے ۔ حکومت اور طبی عملے کے باربار مشورے کے باوجود عوام خود کو محفوظ رکھنے کے لئے اب احتیاطی طور پر ٹیکہ اندازی سے استفادہ کررہے ہیں ۔ جب کہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مرض کے لاحق ہونے سے پہلے اگر ادویہ یا پھرویاکسین کا استعمال کیاجائے تو اس کے مضر اثرات جسم میں پیدا ہوں گے ۔ اس مرض سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں سب سے پہلے اس سے متاثر مریض سے ملاقات کے بعد اس سے ملنے والے کے لئے صفائی کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے ۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کھانے پینے کی اشیاء میں صفائی برتیں اگر کسی کو یہ مرض لاحق ہو تو وہ گھر میں رہیں اور ڈاکٹر کے مشورہ کے بعد ہی کسی دوا کا استعمال کریں ۔ اس کے باوجود مختلف مقامات پر ٹیکہ اندازی کرانے کے لئے عوام پرائیوٹ ہاسپٹلس کا رخ کررہے ہیں ۔ جہاں عوام کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں ۔

Swine flu: Telangana continues to be on high alert

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں