جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت بی جے پی کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-25

جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت بی جے پی کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات جاری

جموں
پی ٹی آئی
پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے سرپرست و سابق چیف منسٹر مفتی محمد سعید نے جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت سے متعلق قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے آج کہا ہے کہ بی جے پی کے ساتھ’’ٹریک ٹو‘‘ (باالواسطہ) مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے یہاں پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی بات چیت کی جہت کا تعین ہوجائے اصل موضوع پر یعنی مشترکہ اقل ترین پروگرام( سی ایم پی) کی ترتیب پر راست( ٹریک ون) مذاکرات شروع ہوجائیں گے ۔ جموں و کشمیر ایک مسلم اکثریتی ریاست ہے اور مرکز کو اس ریاست کے عوام کے فیصلہ کا احترام کرنا چاہئے ۔‘‘پی ڈی پی سرپرست نے کہا کہ ان کی پارٹی اقتدار کی بھوکی نہیں ہے اور کسی بھی لحاظ سے اپنی اصل آئیڈیالوجی کا ’’سودا نہیں کرے گی ۔‘‘ پی ڈی پی کی اپنی شرائط ہیں جن میں یہ شرط بھی شامل ہے کہ ایک مقررہ مدت میں مسلح فورسس خصوصی اختیارات ایکٹ( افسپا) سے دستبرداری حاصل کی جائے اور پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کی جائے ۔’’ پی ڈی پی جموں و کشمیر کے لئے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کرتی ہے ۔ بالخصوص نوجوانوں کے لئے پیکیج ضروری ہے ، کیونکہ وہ بے روزگاری کے سبب مسائل سے دوچار ہیں ۔ پی ڈی پی ، اس ریاست میں ان برقی پراجکٹوں کی حکومت جموں و کشمیر کو منتقلی کا مطالبہ کرتی ہے جو این پی سی کے زیر انتظام چلائے جاتے ہیں ۔ یہ ریاست ایک نازک مرحلہ سے گزر رہی ہے ۔ عوام ایک ایسی مضبوط اور مستحکم حکومت چاہتے ہیں جو اسمبلی انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرسکے ۔ ایسے میں جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو مرکز میں تشکیل حکومت کا واضح فیصلہ ، اختیار ملا ہے ۔ جموں و کشمیر کے عوام کے فیصلہ کا احترام کرنا چاہئے۔ یہ ایک مسلم اکثریتی ریاست ہے۔ مفتی سعید نے کہا کہ2002ء میں بھی ایسا ہی بحران سامنے آیا تھا ، جب پی ڈی پی نے اس ریاست میں حکومت چلانے کانگریس سے اتحاد کیا تھا۔ ماضی میں وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی زیر قیادت مرکز کی این ڈی اے حکومت نے پی ڈی پی کی پالیسیوں کی ستائش کی تھی ۔ موصولہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ مفتی سعید کے خطاب سے قبل پارٹی نے محبوبہ مفتی کو بہ اتفاق آراء3سال کی میعاد کے لئے پارٹی کا دوبارہ صدر منتخب کرلیا ۔

Jammu and Kashmir government formation PDP indirect talks with BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں