اوباما کے دورہ کے لئے فضائی حدود کو گروی رکھ دیا گیا - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-25

اوباما کے دورہ کے لئے فضائی حدود کو گروی رکھ دیا گیا - کانگریس

بھوپال
پی ٹی آئی
سینئر کانگریس قائد راج ببر نے صدر امریکہ بارک اوباما کے دورہ کے پیش نظر نئی دہلی اور آگرہ میں عدم پرواز منطقہ کا اعلان کرنے پر اعتراض کیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ نے اوباما کے دورہ کے لئے جانے والے سخت ترین سیکوریٹی انتظامات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے فضائی حدود اور مہمانوں کا تحفظ کرنے کے قابل ہیں ، لیکن اسے بیرونی طاقتوں کے ہاتھ میں گروی رکھاجارہا ہے ۔ راج ببر بھوپال میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لئے پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے ۔ بلدی انتخابات کا انعقاد31جنوری کو عمل میں آئے گا ۔ سابق رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ باعث مسرت ہے کہ ایک مہمان آرہا ہے لیکن ہر شخص جانتا ہے کہ وہ کس انداز میں آرہے ہیں ۔اس سے پہلے بھی کئی مہمانوں نے ملک کا دورہ کیا اور انہیں ملک کی جانب سے خاطر خواہ سیکوریٹی فراہم کی گئی ۔ اس سوال پر کہ آیا کانگریس اوباما کے دورہ کی مخالفت کررہی ہے، انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے ایسا نہیں کہا ہے ۔ راج ببر نے کہا کہ اوباما کا محبت کے شہر آگرہ اور تاج محل میں خیر مقدم ہے ۔ راج ببر نے اوباماکے دورہ کی منصوبہ بندی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی مہمان آتا ہے تو یہ خوشی کی بات ہوتی ہے۔ بہر حال سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ دورہ کس انداز میں منعقد کیاجارہا ہے ۔ ہمارے فضائی حدود کو گروی رکھاجارہا ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا ایک ایسے وقت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو پارٹی کی قیادت کرنی چاہئے جب کہ پارٹی کو سلسلہ واز شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ہمیشہ سے پارٹی کی قیادت کرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی پیچھے نہیں ہیں ۔ کانگریس میں عہدہ نہیں بلکہ کام اہم ہوتا ہے ۔ راہول گاندھی ہمیشہ وپرے جو ش وخروش کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں ۔ راج ببر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو اس وجہ سے شکست اٹھانی پڑی کیونکہ پارٹی ان حالات کے لئے تیار نہیں تھی ، جو اس وقت پیدا کئے گئے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حالیہ شکست کا یہ مطلب نہیں کہ پارٹی مقابلہ سے باہر ہوچکی ہے ۔ کانگریس مستقبل کی بڑی جنگ کی تیاری کررہی ہے اور اس مرحلہ کے بعد وہ مزید طاقتور بن کر ابھرے گی ۔

دریں اثناء واشنگٹن سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب ، مسلمانوں کے حامی ایک ہندوستانی امریکی گروپ نے امریکی صدر بارک اوباما سے اپیل کی ہے وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہندوستان میں اقلیتوں کی مبینہ ابتر حالت کا مسئلہ اٹھائین ۔ انڈین امریکن مسلم کونسل( آئی اے ایم سی) نے اوباما کے نام اپنے ایک مکتوب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر ہندوستانی عہدیداروں کے ساتھ آپ اپنی ملاقات میں عیسائیوں ، سکھوں، مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کی تیزی سے ابتر ہوتی ہوئی صورتحال پر تشویش ظاہر کریں ۔ آپ کی تقریر کے دوران ان کی حالت کا حوالہ دینے سے ہندوستان کے زمینی حقائق کو بین الاقوامی برادری میں اجاگر کرنے میں بڑی مدد ملے گی ۔ آئی اے ایم سی نے اپنے مکتوب مورخہ22جنوری میں جو کل صحافت کے لئے جاری کیا گیا،کہا کہ نئی حکومت نے جب سے عنان اقتدار سنبھالی ہے صرف ریاست اتر پردیش میں اقلیتوں کے خلاف مذہبی تشدد کے زائد از600واقعات پیش آچکے ہیں ۔ گزشتہ برسوں کے مقابل ایسے واقعات میں ڈرامائی اضافہ ہوا ہے ، اور عسکری ہندو قوم پرست گروپس کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کی مذہبی و تہذیبی شناخت پر بھرپور حملوں کی عکاسی ہوتی ہے ۔ اس مکتوب میں اوباما پر زور دیا گیا کہ وہ ہندوستانی انتظامیہ سے اپیل کریں کہ وہ مساوات پر مبنی پالیسیوں پر عمل کرے جو ہندوستان کے سیکولر دستور اور تکثیریت کی اس کی قدیم روایات کی نمائندہ ہوں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر بارک اوباما وزیر اعظم مودی کی دعوت پر26جنوری کو بحیثیت مہمان خصوصی یوم جمہویہ پریڈ میں شرکت کررہے ہیں ۔

Congress leader Raj Babbar raises objection on 'no-fly zone' for Barack Obama visit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں