جن دھن یوجنا اکاؤنٹس کو آدھار کارڈ سے مربوط کیا جائے - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-25

جن دھن یوجنا اکاؤنٹس کو آدھار کارڈ سے مربوط کیا جائے - مودی

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے حوصلہ مندانہ پردھان منتری جن دھن یوجنا کے تحت کھولے گئے تمام بینک کھاتوں کو آدھار کارڈ سے مربوط کرنے کی اپیل کرتے ہوئے آج بینکروں سے کہا کہ اس میں تیزی لائی جانی چاہئے اور مالی طور پر مستحکم بنانے کی پہل کو دوگنی طاقت سے آگے بڑھایاجانا چاہئے ۔ مودی نے تمام بینکروں کو بھیجے گئے میل میں جن دھن یوجنا نافذ کرنے کے غیر معمولی کام میں ان کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے99.74فیصد کنبوں کے پاس بینک کھاتہ ہے اور جن دھن یوجنا کے تحت ہدف سے زائد کھاتے کھل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت زیادہ سے زیادہ اسکیموں کو براہ راست فائدہ کی منتقلی( ڈی بی ٹی) کے پلیٹ فارم پر لانا یقینی بنائے گی۔انہوں نے ای میل میں کہا کہ وزیر اعظم جن دھن یوجنا کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے بینکنگ کے ذریعہ کئے گئے کاموں سے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے ۔ تمام کنبوں کے لئے بینک کھاتے کھولنے کے لئے مقررہ26جنوری2015ء کی تاریخ سے قبل ہی ہدف سے زائد اکاؤنٹ کھل چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہت کم وقت میں11.5کروڑ بینک کھاتے کھلے ہیں۔ ملک میں99.74فیصد کنبوں کے پاس بینک کھاتہ ہونے کے ہدف کو ہم نے حاصل کرلیا ہے ۔ میں آپ کا اس غیر معمولی کام کے لئے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرکے بینکروں نے ان لوگوں کو غلط ثابت کردیا ہے جو اس یوجنا کو ناممکن سمجھ رہے تھے ۔ وزیر اعظم نے مالی استحکام کے لئے دوگنی کوششیں کرنے کی ضرورت ظاہر کی ۔ اس کے ساتھ ہی بینک کھاتوں کو آدھار کارڈ سے جوڑنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بینکوں کو گاؤں میں رہنے والے لوگوں کو روپے کارڈ اور آدھار پر مبنی لین دین کرنے میں اہل بنانے کی ضرورت ہے ۔ مودی نے کہا کہ تمام کھاتہ رکھنے والوں کا آدھار کارڈ بنوانا یقینی بنایاجانا چاہئے اور اسے بینک کھاتوں سے مربوط کیاجانا چاہئے ۔

All Jan Dhan bank accounts be linked to Aadhaar: PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں