سعودی فرمانروا کے انتقال پر حامد انصاری کی قیادت میں وفد روانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-01-25

سعودی فرمانروا کے انتقال پر حامد انصاری کی قیادت میں وفد روانہ

نئی دہلی
یو این آئی
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز آل سعود کے انتقال پر تعزیت کے لئے ہندوستان نے نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کی قیادت میں ایک وفد روانہ کیا ہے ۔ یہ وفد آج ریاض پہونچا جہاں انصاری کو گورنر ریاض اور شاہ عبداللہ کے فرزند پرنس ترکی سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ۔ وزارت خارجہ امور نے آج ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کی حکومت اور یہاں کے عوام نے خادم الحرمین شریفین اور سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ کی موت کی خبر بڑے دکھ اور صدمہ کے ساتھ سنی ہے ۔ شاہ عبداللہ کے گزر جانے سے مملکت سعودی عرب ایک رہنما سے محروم ہوگئی اور دنیا نے ایک بزرگ مدبر کو کھودیا ۔ سعودی عرب نے ان کی قیادت میں جو کامیابیاں حاصل کیں وہ ان کے اعلیٰ نظریہ اور فکر کا ثبوت ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہندوستان نے شاہ عبداللہ کی قیادت میں سعودی عرب کے ساتھ ہمیشہ دوستانہ اور قریب تعلقات بنائے رکھے تھے اور یہ رشتے بالخصوص مملکت میں بڑی تعداد میں پائی جانے والی ہندوستانی برادری کی موجودگی میں مزید مستحکم ہوتے ہیں ۔ہندوستان نے سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کے انتقال پر آج ایک دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ۔ سعودی شاہ اور خادم حرمین شریفین کے احترام میں قومی جھنڈے آدھے جھکا دئے گئے ۔ سرکاری سطح پر تفریح کے سارے پروگرام بھی رد کردیے گئے۔91سالہ شاہ عبداللہ کا کل ریاض میں طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، وزیر اعظم نریندر مودی نے سعودی شاہ کے انتقال پر نئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو تعزیتی پیغام بھیجے ہیں ۔ نائب صدر حامد انصاری سعودی شاہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرنے کے لئے ایک وفد کے ساتھ ریاض جائیں گے ۔

Hamid Ansari leads Indian delegation to Saudi king's funeral

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں